ٹھٹھہ واٹر سپلائی کے غیر قانونی ٹھیکے، جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس، آصف زرداری پر آج فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی پر کیا فیصلہ ہوا؟

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی کے غیر قانونی ٹھیکوں کے جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس کی سماعت کے دوران آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کر دی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے ریفرنس کی سماعت

7 اگست تک ملتوی کر دی۔آج دورانِ سماعت فاروق ایچ نائیک مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے، ان کی جبکہ معاون وکیل اسد عباسی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے آصف علی زرداری کی ریفرنس خارج کر کے بری کرنے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔اس موقع پر وکلائے صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ تمام ملزمان کراچی سے آتے ہیں، آئندہ سماعت پر بھی فردِ جرم نہیں ہونی تو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کی جگہ ان کے وکلاء پیش ہو جائیں گے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 7 اگست کے بعد کی کوئی اور تاریخ مقرر کر دیں۔جج اعظم خان نے کہا کہ ملزمان پر فردِ جرم کے لیے 10 اگست کی تاریخ مقرر کر دیتے ہیں۔وکلائے صفائی نے کہا کہ اس طرح تو وکلاء کو بار بار کراچی سے آنا پڑے گا، فی الحال فردِ جرم کی تاریخ مقرر نہ کریں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close