اسلام آباد(پی این آئی)چیئرمین این ڈی ایم اے محمدافضل نے کہا ہے کہ کراچی میں ایسا کام کریں گے کہ شہر میں ہونے والی برسات میں کم سے کم نقصان ہو، شہر میں روزانہ 20 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے ، ٹھکانے لگانے کیلئے کوئی انتظام موجود نہیں ،کراچی کے مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے تب ہی یہ حل ہوں گے،لاک ڈائون پر عمل درآمد ہوتو مزید بہتری آئے گی
این ڈی ایم اے کے پاس آئندہ چھ ماہ کا سامان اور 60 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے تب ہی یہ حل ہوں گے، شہر میں روزانہ 20 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس کو ٹھکانے لگانے کا کوئی انتظام موجود نہیں جبکہ ندی نالوں پر ناجائز تعمیرات ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی بارش سے نقصانات ہوئے جس پر افسوس ہے، کچھ روز پہلے ہونے والی برسات سے چند علاقے متاثر ہوئے،اب ہم ایسا کام کریں گے کہ شہر میں ہونے والی بارشوں سے کم سے کم نقصان ہوگا۔ کراچی میں این ڈی ایم اے نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ کراچی کے بڑے نالوں کی صفائی کی ذمہ داری این ڈی ایم اے کے سپرد کی گئی ہے، کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ایک ساتھ مل کر بیٹھنا ہوگا تاکہ کوئی دیرپا حل نکل سکے کیونکہ وقتی طور پر کیے جانے والے اقدامات سے شہریوں کو ریلیف تو ملے گا مگر مسائل جوں کے توں رہیں گے۔انہوںنے کہاکہ کراچی کے لئے 6 دن بڑ ے اہم ہیں، 7 سے 9 اگست تک بارش کا امکان ہے، اس کے بعد 15 اگست تک ایک اور کمزور سسٹم حدود میں موجود رہے گا، جو وقتاً فوقتاً برستا رہے گا، اس کے بعد بارش زیادہ نہیں ہوگی۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور محرم الحرام میں زیادہ احتیاط برتنے کی تجویز دی۔ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون پر عمل درآمد ہوتو مزید بہتری آئے گی این ڈی ایم اے کے پاس آئندہ چھ ماہ کا سامان اور 60 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں۔این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ٹڈی دل خاتمے کے اسپرے کیلئے نو جہاز موجود ہیں۔ 20 اگست تک 388 اسپرے مشین آجائیں گی۔دوسر ی جانب
محکمہ موسمیات نے 6 اگست سے کراچی میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ سمیت کراچی میں 6 اگست سے بارش برسانے والا سسٹم اثرانداز ہوسکتا ہے جس کے باعث کراچی سمیت سندھ میں اچھی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق رن آف کچھ پر ہوا کا ایک کم دباؤ بن رہا ہے اور آنے والے دنوں میں یہ سسٹم سندھ پر
اثر انداز ہونے کا امکان ہے جس سے سندھ کے ساحلی علاقوں سمیت کراچی میں بارش کی صورت میں اثرانداز ہوسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق ہوا کا ایک اور کم دباؤ خلیج بنگال میں بھی بن رہا ہے، یہ دونوں سسٹم سندھ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں اس لیے7 سے 8 اگست کے دوران کراچی میں بارش کا امکان ہے جو پہلے سے زائد ہوسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی سمیت زیریں سندھ میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کی جانب سے اب تک مون سون کے سسٹمز کے حوالے سے پیش گوئی نہیں کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں