اسلام آباد(پی این آئی)ترک صدر طیب اردوان کا صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ، کشمیر سمیت کیا اہم امور زیر غور آئے، جانیئے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے ٹیلفونک رابطہ کیا، دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے ایک
دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے تاریخی عبادت گاہ آیا صوفیہ کو کھولنے پر ترک صدر کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف اہم امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آیا صوفیہ میں نماز کی ادائیگی کو لاکھوں پاکستانیوں نے ٹی وی پر لائیو دیکھا۔اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نےکورونا وائرس کے خاتمہ کےلئے ترکی کے کردار کو سراہا جبکہ وزیر اعظم نے پاکستان اوردیگر ممالک کی کوویڈ 19 کے خلاف ترکی کی امداد کو بھی سراہا۔وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو پاکستان کی جانب سے کورونا صورتحال میں اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زندگی بچانے کے ساتھ معیشت اور روزمرہ امور کو چلانے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ادویات کی مشترکہ تیاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ تمام باہمی معاملات پر رابطہ میں رہنے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر ترکی کی جانب سے پاکستانی موقف کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے اسٹرٹیجک تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر قائم ہے۔دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے صدر مملکت عارف علوی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ترک صدر طیب اردوان نے صدر مملکت عارف علوی کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔صدر عارف علوی نے بھی ترک صدر رجب طیب اردوان کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اس سال عید مشکل حالات میں منائی جا رہی ہے، دنیا کو چیلنجز درپیش ہیں، کورونا نے عالمی معیشت کو بری طرح سے متاثر کیا ہے۔صدر مملکت نے کورونا کے خلاف جنگ میں معاونت پر ترکی کے کردار کی تعریف کی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی خوش آئند ہے۔اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر عارف علوی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالی۔عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارتی مسلمان خوف اور امتیازی سلوک کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔صدر عارف علوی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں صدر اردوان کے مقبوضہ کشمیر پر واضح موقف پر اظہارِ تشکر کیا۔صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ امید ہے ترکی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنی اصولی آواز اٹھائے گا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں بھی قابض حکومتیں فلسطین اور کشمیر میں ظلم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے صدر عارف علوی کو کورونا وبا کے خاتمے پر ترکی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکی کے ملکی مفادات پر مستقل حمایت اور ہر ممکن مددکی پالیسی جاری رکھے گا۔صدر ڈاکٹر علوی نے صدر طیب اردوان کو آیا صوفیہ کو نماز کے لیے دوبارہ کھولنے پر مبارکباد بھی دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں