اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیراتی منصوبوں پر آئندہ 5 ماہ میں آغاز ہوجائے گا، تعمیراتی سرگرمیوں وسیع تر سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ون ونڈو سہولت کو یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی
زیرصدارت این سی سی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاروں نے حکومتی تعاون کو حوصلہ افزاء قرار دیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ حکومتی اقدامات سے تعمیراتی شعبے میں وسیع سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی۔ تعمیراتی منصوبوں پر 4 سے 5 ماہ میں کام کا آغاز ہو جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے رہائشی منصوبے گیس، بجلی و دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔اجلاس میں تمام صوبائی چیف سیکرٹریز سمیت کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے نمایاں بلڈرز اور ڈویلپرز اور بلڈرز اینڈ ڈویلپرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ’’آباد‘‘ بلڈرز اور ڈویلپرز کی تنظیموں کی قومی سطح پر نمائندگی کرتی ہے اور نجی شعبہ کی تعمیراتی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ آباد کے نمائندوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ نہ صرف این او سی اور اجازت ناموں کے عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے بلکہ نجی بینکوں کی جانب سے تعمیراتی سرگرمیوں کے لئے بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جس کا کریڈٹ بلاشبہ موجودہ حکومت اور سٹیٹ بینک کو جاتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبہ کی ضرورت میں تعاون کرنے کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی میں گورنر سٹیٹ بینک کے اہم کردار کی تعریف کی۔ اجلاس میں موجود بلڈرز اور ڈویلپرز نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ موجودہ نظام سے ان کے مسائل نمٹانے میں مدد ملے گی اور زیر التواء درخواستوں کی منظوری سے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے جا سکیں گے۔اجلاس میں موجود 13 بلڈرز نے بھی یقین دہانی کرائی جبکہ آباد کے بلڈرز اور ڈویلپرز بھی اپنے وعدوں پر عملدرآمد جلد شروع کریں گے۔ وزیراعظم نے بلڈرز کمیونٹی کی یقین دہانی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعمیراتی شعبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں زیادہ ترقی ہوتی ہے جبکہ بلڈرز اور ڈویلپرز کی جانب سے زیادہ مواقع ملنے سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا اور اس سے سرمائے کے حصول اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی جس سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور خسارے کا بوجھ کم ہو گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت تعمیراتی شعبے کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔ تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ون ونڈو سہولت کو یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی دی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں