شیخ رشید کی وفاقی کابینہ سے چھٹی ہونیوالی ہے؟ خود ہی حیران کن اعلان کر دیا

لاہور (پی این آئی) شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عید کے بعد مجھ جیسے وزیر کابینہ سے فارغ ہو جائیں گے، وزیراعظم اپنی ٹیم میں تبدیلیاں کریں گے، سیاست میں ہلچل ہوگی لیکن عمران خان کہیں نہیں جا رہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو

کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عید کے بعد کابینہ میں تبدیلیاں کرنے جا رہے ہیں۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عید کے بعد ان جیسے وزیر وفاقی کابینہ سے فارغ ہو جائیں گے۔ اس موقع پر شیخ رشید نے وضاحت کی ہے کہ ان جیسے سے مراد یہ نہیں ہے کہ انہیں وزارت سے فارغ کر دیا جائے گا، بلکہ اس کا مطلب ہے کہ تگڑے لوگوں کی چھٹی ہو جائے گی۔ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ اس وقت بہت سی باتیں کی جا رہی ہیں، لیکن وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے۔عید کے بعد سیاست میں ہلچل ہو گی لیکن اس سے عمران خان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ شیخ رشید کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف بیرون ملک جانے سے پہلے یقین دہانی کروا کر گئے تھے کہ انہیں عمران خان کا 5 سال حکومت کرنا منظور ہے۔ نواز شریف نے یقین دہانی کروائی تھی کہ عمران خان حکومت کیخلاف کوئی مشکل نہیں کھڑی کی جائے گی۔ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مریم نواز یوں ہی خاموش نہیں بیٹھیں۔میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ نواز شریف کو باہر جانے دیں، اور یہ بھی کہا تھا کہ وہ باہر گئے تھے پھر واپس نہیں آئیں گے۔ شیخ رشید احمد کا مزید کہنا ہے کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ ٹارزن کی بھرپور واپسی ہوگی۔ اب وہ یہ بتا رہے ہیں کہ ٹارزن صرف اپوزیشن نہیں بلکہ حکومت کے پیچھے بھی آئے گا۔ عید کے بعد حکومت کے لوگوں کے احتساب کی باری آنے والی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close