اسلام آباد(پی این آئی)پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیر ا)نے نجی سکول کھولے جانے کی صورت میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایس اوپیز جاری کردیئے۔پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے تعلیمی
ادارے کھولنے کی تیاریاں کی جار ہی ہیں تو اس موقع پر بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے فیصلوں پر عملدر آمد ضروری ہے جس کی این سی اوسی نے بھی توثیق کی ہے ۔ نوٹیفکیشن میں اسلام آباد میں چلنے والے تعلیمی اداروں سے کہاگیاہے کہ وہ پہلے ہی احتیاطی تدابیر کی روشنی میں تدریسی سرگرمیوں کے لئے پیشگی انتظامات کریں اور ایس اوپیز پر عملدر آمد یقینی بنائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچا جاسکے۔ نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ ان رہنما اصولوں پرمعیار کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے ۔ پیر اکی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہاگیاکہ ممکنہ طور پر سکول15 ستمبر2020 سے کھل رہے ہیں تو اس لئے تمام نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی جاتی کہ وہ مناسب انتظامات کے تحت سکول کھولیں اور حکومت کے حتمی فیصلے کے بغیر کوئی کیمپس نہیں کھولا جاسکے گا۔جاری ایس اوپیز میں کہاگیاہے کہ سکول کھولنے کے لئے ایک مخصوص وقت ہوگا،پرائمری اور ایلیمنٹری سطح کے لئے اوقات کارصبح 8سے 11بجے تک ہونگے۔ سیکنڈری او ر ہائرسیکنڈری سطح کے سکول صبح 11:30 سے 2:30 بجے تک کھلے رہیں گے۔ سکول کے اوقات کار 3گھنٹے تک محدود ہونگے۔ کسی کو بھی سٹاف، طلباء اور انتظامیہ کے آنے سے پہلے سکول میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔سکول کے داخل ہونے اور باہر جانے کے راستوں پر قطاروں سے گریز کیاجائیگا اور اس سلسلے میں سکولوں کو باقاعدہ میکنزم بنانا ہوگا۔ سٹاف اور طلباء کی تھرمل گن سے سکریننگ کی جائے گی۔ کھانسی، ٹمپریچر یا بخار والے طلباء کوسکول میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ طلباء کے جوتوں اور ہاتھوں کوڈ س انفیکٹ کیاجائیگا۔ سکول کے کمروں میں تمام جگہوں کو ڈس انفیکٹ کیا جائیگا۔اسی طرح حکومت کی جانب سے جاری تمام رہنما اصولوں پر ہرصورت عملدر آمد یقینی بنانا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں