ملتان یا بہاولپور۔۔؟ صوبہ جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ کس شہر میں قائم ہو گا؟ وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

ملتان (پی این آئی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج جنوبی پنجاب کے تمام ایم این ایز میں پارلیمنٹ کے کانسٹیٹیوشن روم میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔حسب وعدہ جنوبی پنجاب کے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے عمل کے آغاز پرتمام ایم این ایز نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرخارجہ مخدوم شا ہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہاکہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس ساؤتھ پنجاب کی تعیناتیاں عمل میں آ چکی ہیں ۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار صاحب نے رولز آف بزنس میں ترمیم منظور کر لی ہے جو انتہائی خوش آئند ہے ۔تعلیم کا شعبہ ہو، صحت کا ہو یا ریونیو کا، چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب مکمل بااختیار ہونگے اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کولاہور نہیں جانا پڑے گا ۔انہوں نے مزید کہاکہ دوسری پیش رفت جو آج ہوئی ہے وہ یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان صاحب نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ اب جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ ملتان میں قائم ہو گا۔ملتان اور بہاولپور دونوں اہم مقامات ہیں ۔وزیر اعظم عمران خان صاحب کی ہدایت پر عید کے بعد، میں، مخدوم خسرو بختیار اور دیگر ممبران کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صاحب سے ملاقات کریں گے اور ان معاملات کو حتمی شکل دیں گے ۔میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ملتان اور بہاولپور کے لوگوں اور وزیر اعلٰی عثمان بزدار صاحب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہماری معاونت بھی فرمائی ۔یہ ملتان کے باسیوں کے لیے عید کا تحفہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close