اسلام آباد (پی این آئی) کورونا وائرس کے دوران ملازمتوں سے فارغ ہونے والے پاکستانیوں کو اپنے کاروبار کرنے کیلئے پاکستان اور جرمنی میں قرض کی فراہمی کا معاہدہ طے پاگیا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور
جرمنی کے درمیان کورونا کے دوران بیروزگار ہونے والے پاکستانیوں کو کاروبار میں آسانی کیلئے قرضوں کی فراہمی کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ جرمنی کی جانب سے 3 ملین یوروز کی امداد دی جائے گی جس سے بیروزگار افراد اپنے کاروبار شروع کرسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت نوجوانوں کی مائیکرو فنانسنگ کی جائے گی، کورونا کی وجہ سے ملازمتیں کھونے والے پاکستانیوں کی دوبارہ بحالی کی جائے گی، اس رقم سے بیرون ملک چھوڑ کر پاکستان آنے والوں کو چھوٹے کاروبار کیلئے قرضے دیے جائیں گے۔اس موقع پر جرمن سفیر برنارڈ شلاغک کا کہنا تھا کہ جرمنی پاکستانیوں کو دوبارہ ملازمتوں کے حصول میں مدد دے گا، معاہدے کے تحت اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کو ٹیکنیکل معاونت دی جائے گی، پاکستانی نوجوانوں کو ہوٹلنگ اور سیاحت کے شعبے میں ٹریننگ دی جائے گی، پاکستانیوں کو جرمن زبان کا کورس کرایا جائے گا، معاہدے سے پاکستانی جاب مارکیٹ کو فروغ ملے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں