اسلام آباد(پی این آئی )پشاور میں توہین رسالت کے مقدمے میں ملزم کو عدالت میں جج کے سامنے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم طاہر احمد نسیم کو عدالت میں مقدمے کی سماعت کے لیے لے جایا گیا تھا جہاں ایک شخص عدالت میں داخل ہوا اور ان پر فائرنگ کر دی۔
حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق ملزم طاہر احمد نسیم پشاور کے رہائشی تھے اور گذشتہ کچھ عرصے سے توہین رسالت کے ایک مقدمے میں جیل میں تھے۔پولیس کے مطابق جب طاہر احمد کو جیل سے عدالت میں پیش کرنے کے لیے لایا گیا تو وہاں موجود لوگوں کے مطابق اس دوران خالد نامی شخص آیا اور طاہر احمد سے بحث کی جس کے بعد خالد نے کمرۂ عدالت میں طاہر احمد پر فائرنگ کر دی جس سے وہ ہلاک ہو گئے۔پولیس کے مطابق طاہر احمد نسیم کے خلاف 25 اپریل 2018 کو تھانہ سربند میں تعزیرِات پاکستان کی دفعات کے تحت توہین رسالت اور توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔طاہر احمد کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق تھانہ سربند کو نوشہرہ کے رہائشی اور اسلام آباد کے ایک مدرسے میں زیر تعلیم طالبعلم کی جانب سے درخواست ملی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ طاہر احمد نسیم توہین رسالت کا مرتکب ہوا ہے اور اس بارے میں یو ایس بی میں تفصیلات بھی فراہم کی گئی تھیں۔پولیس کو دی گئی تحریری درخواست میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ طالبعلم کی طاہر احمد کے ساتھ بات چیت فیس بک پر شروع ہوئی اور پھر ان کی ملاقات پشاور میں ہوئی جہاں طاہر احمد نے ایسی باتیں کی جو توہین رسالت کے زمرے میں آتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں