مفتی پوپلزئی نے برسوں بعد پہلی مرتبہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عید الاضحیٰ منانے کا اعلان کر دیا

پشاور (پی این آئی) مفتی پوپلزئی نے برسوں بعد پہلی مرتبہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عید الاضحیٰ منانے کا اعلان کر دیا، مسجد قاسم علی خان پشاور کے اعلامیہ کے مطابق نماز عید یکم اگست بروز ہفتہ کی صبح کو ادا کی جائے گی، طویل عرصے بعد ملک بھر میں ایک ہی دن عید ہوگی۔ تفصیلات کے

مطابق برسوں تک پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے امیر مفتی پوپلزئی اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے درمیان عید کے چاند کے حوالے سے تنازعہ جاری رہا، جو بظاہر عید الاضحیٰ کے موقع پر ختم ہوگیا ہے۔ہمیشہ رویت ہلال کمیٹی کے فیصلوں کیخلاف جا کر عید کا اعلان کرنے والے مفتی پوپلزئی نے اس مرتبہ عید الاضحیٰ کے چاند کی رویت کے حوالے سے خاموشی اختیار کیے رکھی۔جبکہ اب مسجد قاسم علی خان سے جاری اعلامیہ کے مطابق پشاور کی تاریخی مسجد میں عید الاضحیٰ کی نماز یکم اگست بروز ہفتہ کی صبح کو ادا کی جائے گی۔ یعنی مفتی پوپلزئی نے عید الاضحیٰ کے چاند کی رویت کے حوالے سے مفتی منیب الرحمان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کو تسلیم کر لیا ہے۔یہاں واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان نے گزشتہ ہفتے ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے کراچی میں منعقدہ اجلاس کے بعد اعلان کیا تھا کہ ملک میں عید الاضحیٰ یکم اگست کو ہوگی۔ تاہم وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 21 جولائی کو آسمان پر چاند موجود تھا، لیکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کیا اور بادلوں کی وجہ سے چاند نہ دیکھا جا سکا۔فواد چوہدری نے 22 جولائی کو چاند کی تصویر جاری کر کے کہا تھا کہ آج کا چاند دیکھنے والے ہر شخص نے کہا ہے کہ یہ پہلی نہیں بلکہ دوسری تاریخ کا چاند ہے۔ فواد چوہدری نے کئی روز قبل ہی اعلان کیا تھا کہ سائنسی طور پر ذی الحج کا چاند 21 جولائی کو نظر آ جائے گا اور یوں عید الاضحیٰ 31 جولائی کو ہوگی، تاہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے یکم اگست کو عید ہونے کا اعلان کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close