اسلام آباد(پی این آئی): وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ حکومت نے چیئرمین نیب کے عہدے کی مدت میں توسیع کی تجویز نہیں دی اور نئے مسودے میں توسیع کے قابل کا لفظ شامل نہیں ہے۔نجی ٹی وی نیوز کے پروگرام میں وفاقی وزیر شفقت محمود کا انکشاف سامنے آگیا۔انہوں نے کہا کہ مدت ملازمت میں
توسیع سے متعلق مسودہ حکومت کا نہیں تھا، اس میں کوئی کلیریکل غلطی ہوگی۔رہنما (ن) لیگ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ غلط کہہ رہے ہیں، حکومت کے تجویز کردہ ابتدائی مسودے میں چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کا نکتہ موجود تھا، اپوزیشن، سول سوسائٹی اور میڈیا نے شور مچایا تو اسے واپس لے لیا۔ گزشتہ روز نیب اور ایف اے ٹی ایف قوانین میں ترامیم کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ رہا، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج شام 6 بجے پھر ہو گا۔دوسری جانب پارلیمانی کمیٹی قانون سازی میں حکومت نے اپنے مزید 4 ارکان شامل کرلیے ہیں۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ، ایم کیو ایم کے بیرسٹر سیف، بلوچستان عوامی پارٹی کے اسرار ترین اور وفاقی وزیر حماد اظہر کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا جس کے بعد کمیٹی ارکان کی تعداد 24 سے بڑھا کر 28 کر دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں