شاباش پنجاب حکومت پنجاب حکومت نے ساڑھے 3 ارب روپے مالیت کی بسیں اسپیشل ایجوکیشن اداروں کو فراہم کر دیں

لاہور(پی این آئی)پنجاب حکومت نے ساڑھے 3 ارب روپے مالیت کی بسیں اسپیشل ایجوکیشن اداروں کو فراہم کر دیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے سپیشل ایجوکیشن کے اداروں کو بسوں کی فراہمی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ جنرل سپیشل ایجوکیشن لاہور میں کیا گیا۔ صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد

اخلاق نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن جاوید بخاری، ڈی جی پرویز بٹ، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ زاہد مجید سمیت مختلف اضلاع کے ڈی ای اوز بھی تقریب میں موجود تھے۔صوبائی وزیر چوہدری اخلاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن اداروں میں خصوصی بچوں کو مفت سفری سہولیات کیلئے مزید 51 بسیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ادارے کے پاس 570 بسیں پہلے سے موجود ہیں جبکہ مزید 51 بسوں کی فراہمی پر 3 ارب 31 کروڑ لاگت آئی ہے صوبائی وزیر نے خصوصی بچوں کیلئے فنڈز کی فراہمی پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں تقریبا 27 لاکھ خصوصی افراد ہیں جبکہ ہمارے اداروں میں صرف 34 ہزار بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں یہ تعداد آئندہ سال تک 70 ہزار تک پہنچ جائے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو حکومت کی جانب سے 800روپے ماہانہ وظیفہ، سال میں تین بار یونیفارم، کھانا، رہائش کی سہولت کے ساتھ ساتھ فری ٹرانسپورٹ سروس مہیا کی جا رہی ہے۔بد قسمتی سے 72 سال میں سپیشل ایجوکیشن کی کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی۔ تحریک انصاف کی حکومت میں پہلی سپیشل ایجوکیشن پالیسی مرتب کی گئی ہے جس کو کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کیا جائے گا۔ چوہدری اخلاق نے کہا کہ ہمارے اداروں میں بہت قابل طلبا زیر تعلیم ہیں جن کو جدید ٹیکنالوجی سے متعلق کورسز پڑھائے جائیں گے جبکہ اس سے پہلے طلباء کو کرسیاں اور ہینڈی کرافٹس بنانا ہی سکھایا جاتا تھا جس کا مستقبل میں کوئی خاطرخواہ فائدہ نہیں تھا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت میں سپیشل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی 104 کنال اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی ہے جس پر خصوصی بچوں کیلئے سپورٹس سٹی تعمیر کیا جائے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close