عیدالاضحی پر مارکیٹیں بند کرنے سے اربوں روپے کا نقصان ہوگا، ماہرین کی حکومتی اقدامات پر شدید تنقید، نقصان کے اعداد و شمارجاری

لاہور(پی این آئی) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ عیدالاضحی پر مارکیٹیں بند کرنے سے اربوں روپے کا نقصان ہوگا، پچھلے سال عید پر355 ارب روپے کا بزنس ہوا تھا، حکومت کو مارکیٹیں اور بازار بند کرنی تھیں تو 10روز قبل اعلان کرتے، تاکہ لوگ شاپنگ کرلیتے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے

سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا کہ بازاروں میں 50 فیصد دکاندار عیدین پر6 ماہ کا خرچہ نکالتے ہیں، لیکن اب 4دن پہلے دکانیں بند کردی ہیں، ایک طرف کہتے لوگ بھوکے مر جائیں گے، عمران خان صاحب لوگ ان قدامات سے بھوکے مر رہے ہیں، ذرا دیکھیں ان دکانوں میں کتنا سٹاف کام کررہا ہے۔حکومت پاکستان نے کوئی راکٹ سائنس نہیں کی، یہ اللہ کی طرف سے کرم ہوا ہے۔اس موقع پر سعید قاضی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ مارکیٹیں اور بازار بند کرنے کا اعلان 10روز قبل کرتے تاکہ لوگ شاپنگ کرلیتے۔355 ارب کا 2018ء میں عیدالاضحی پر کاروبار ہوا تھا۔ واضح رہے صوبائی وزیر قانون،پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پیر اور منگل کی درمیانی رات سے پنجاب بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جوآئندہ بدھ تک جاری رہے گا-لاک ڈاؤن کا مقصدیہ ہے کہ ہم کرونا کو شکست دینے کہ قریب ہیں اور لاپرواہی سے دوبارہ کیسز کی تعداد کہیں بڑھ نہ جائے۔وہ آج اپنی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے- صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال اور فیاض الحسن چوہان، چیف سیکریٹری پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی، سیکرٹری ٹو سی ایم، ایس ایم بی آر، سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ، سیکریٹری پرائمری ہیلتھ، سی سی پی او اور متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے- قبل ازیں محکمہ صحت کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اورگزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا سے ایک موت بھی واقع نہیں ہوئی۔راجہ بشارت نے متعلقہ محکموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل سٹورز، گروسری سٹورز، ٹرانسپورٹ اورضروری دفاتر کھلے رہیں گے جبکہ مارکیٹیں اور شاپنگ بازار مکمل بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عیدالفطر کا تجربہ سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کرونا کے کیس یکدم بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کورونا کیسز میں کمی کے لیے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔راجہ بشارت نے تنبیہ کی کہ عید کے موقع پر مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ کروانے پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی کے اجتماعات کے لیے بننے والے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر قانون نے مزید کہا کہ عید کے بعد این سی او سی کے اجلاس میں ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کھولنے کی سفارش جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close