خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا،عثمان بزدار نے قیمتیں کنٹرول والے افسروں کو دفتروںسے مارکیٹوں میں نکال دیا، کارروائیاں شروع

لاہور(پی این آئی) : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاہے کہ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے، خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاہے کہ آٹے چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر انتظامی اقدام اٹھایا

جائے۔ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے،پرائس کنٹرول میکانزم پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے ۔انتظامی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں جا کر قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں ۔وزیراعلی ٰ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمے درج کر کے سٹاک ضبط کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت یقینی بنائی جائے۔ نا جائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں ، باتیں بہت ہو چکیں عوام کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا اور اس معاملے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں