انا للہ و انا الیہ راجعون ،ممتاز ماہر تعلیم، معروف مزاحیہ شاعر پروفیسر عنایت علی خان85 سال کی عمر میں جہان فانی سے رخصت ہو گئے

کراچی(پی این آئی): معروف شاعر، مزاح نگار اور ماہر تعلیم پروفیسر عنایت علی خان انتقال کر گئے۔پروفیسر عنایت علی خان 1935 میں بھارتی ریاست ٹونک میں پیدا ہوئے اور نومبر 1948 میں ہجرت کر کے حیدرآباد میں سکونت اختیار کی۔پروفیسر عنایت علی خان نے 1962 میں سندھ یونیورسٹی سے ایم اے کے امتحان میں

ٹاپ کیا۔ انہوں نے سندھ بک بورڈ کے لیے اردو اور اسلامیات کے مضامین پر مشتمل درسی کتابیں بھی تحریر کیں۔پروفیسر عنایت علی خان پیشے کے لحاظ سے ماہر تعلیم تھے لیکن انہیں مقبولیت طنز و مزاح پر مشتمل شاعری سے ملی۔مرحوم نے پاکستان اور دنیا کے کئی ملکوں میں مشاعروں کی رونق بڑھائی اور اپنی مزاحیہ شاعری سے سامعین کو لوٹ پوٹ ہونے پر مجبور کر دیا۔طنز و مزاح پر مشتمل شاعری کی وجہ سے پروفیسر عنایت علی خان کو اکبر ثانی بھی قرار دیا گیا۔ انہوں نے ازراہ عنایت، عنایات، عنایتیں کیا کیا اور نہایت کے نام سے کتابیں لکھیں۔نامور شاعر پروفیسر عنایت علی کا انتقال گزشتہ شب دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ مرحوم کی عمر 85 برس تھی اور وہ کئی ماہ سے علیل تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close