لاہور(پی این آئی)سینٹرل پنجاب میں پارٹی کو منظم اور متحرک کرنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری نے سنجیدہ کوششیں شروع کردیں۔ عید کے بعد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے پارٹی کو تیاریوں کی ہدایت کردی۔پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری
نے پنجاب میں پارٹی کو منظم و متحرک کرنےاور نئے لوگوں کی شمولیت کا ٹاسک قمر الزمان کائرہ کو سونپ دیا ہےجبکہ حکومت مخالف ممکنہ تحریک کو پنجاب خصوصاً سینٹرل پنجاب میں کامیاب بنانے کاٹاسک بھی قمرالزمان کائرہ کے سپرد گیا ہے۔حکومت کے خلاف ممکنہ تحریک کے لیے قمرالزمان کائرہ اور جنرل سیکرٹری چوہدری منظور ملکر کام کریں گے، دونوں رہنما ضلعی اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر میٹنگز اور کنونشنز کا انعقاد کریں گے۔اس حوالے سے متعلقہ عہدیداران کو پروگرام کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایات دی گئیں جبکہ پرانے جیالوں اور پارٹی ورکرز کے ساتھ بھی رابطے کئے جائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے قمر الزمان کائرہ کو پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں سے بھی رابطے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری حکومت ہٹاؤ ایجنڈے کی تکمیل کے لیے پوری طرح سرگرم عمل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں