لاہور (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے قومی خزانے کو 18 ہزار ارب کا نقصان پہنچایا، پاکستان میں 68 سال بعد منفی جی ڈی پی گروتھ، ٹیکس آمدنی منفی اور قرضوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مہنگائی اور بےروزگاری میں بےپناہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر
پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ الیکشن 2018ء چوری کرنے والی نیازی حکومت کے نتائج سامنے آگئے ہیں۔نتائج کچھ ایسے ہیں کہ پاکستان میں68 سال بعد منفی جی ڈی پی گروتھ اور قرضوں میں40 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔ اسی طرح 23 سال بعد منفی ٹیکس آمدنی ریکارڈ کی گئی۔ ملک میں آٹا، چینی، ادویات، کھانے کی اشیاء میں مافیا لوٹ مار کی وجہ سے کمر توڑ مہنگائی ہوئی ہے اور بے روزگاری و غربت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے قومی خزانے کو18 ہزار ارب کا نقصان پہنچایا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ 25 جولائی 2018 کو پی ٹی آئی کارکنان اور عوام نے ملکر نئی سوچ کی بنیاد رکھی، فردوہ ، مراعات یافتہ اور کرپٹ نظام کو شکست ہوئی ، ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی جمہوری تاریخ کا یادگار دن ہے۔فرسودہ نظام کے خالق ملکی اداروں اور معیشت کو کھوکھلا کر کے ذاتی مفادات حاصل کرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار ملا تو ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا تھا ملک قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا تھا، وزیراعظم کی قیادت میں نئے عزم کے ساتھ اصلاحات کی جانب بڑھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا وبا ء سے نا صرف نبرد آزما ہوئے بلکہ معیشت ،صحت دونوں کواہمیت دی گئی۔مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام، یکساں نصاب تعلیم، بلین ٹری سونامی، ترقی کے سفر کا آغاز ہیں، سی پیک کی رفتار تیز، ڈیمز کی تعمیر اور کم آمدن والے افراد کیلئے اقدامات کیے گئے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں