مسلم لیگ ن یا تحریک انصاف،اگلی بار الیکشن میں ووٹ کس کو دیں گے؟ لاہوریوں کی اکثریت نے فیصلہ سنا دیا

لاہور (پی این آئی) لاہوریوں کی اکثریت دوبارہ الیکشن ہونے کی صورت میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کیلئے تیار، شہر لاہور کے 57 فیصد شہری ن لیگ کو ووٹ دینے کیلئے تیار، 27 فیصد شہری تحریک انصاف کو ووٹ دینا چاہتے ہیں، 20 فیصد کسی کو ووٹ نہیں دینا چاہتے۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی

وی چینل کی جانب سے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں عوام کی رائے جاننے کیلئے سروے کرایا گیا، جس میں سوال کیا گیا کہ اگر آج الیکشن ہوں تو وہ کس جماعت کو ووٹ دیں گے۔اس موقع پر شہر لاہور کی عوام کی اکثریت نے سابق حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ سنایا۔ سروے کے دوران 57 فیصد لاہوریوں نے کہا کہ دوبارہ انتخابات ہونے کی صورت میں وہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے۔ جبکہ 27 فیصد شہریوں نے کہا کہ وہ اب ابھی تحریک انصاف کو ہی ووٹ دینا چاہیں گے۔سروے کے دوران عوام کی بڑی تعداد مایوس بھی نظر آئی، اور 20 فیصد نے کہا کہ وہ اب کسی جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے۔سروے کے دوران عوام کی اکثریت نے تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی غیر اطمینان بخش قرار دی۔ عوام کی اکثریت نے کہا کہ اس حکومت میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی کا ہے، جبکہ کاروبار کیلئے بھی حالات سازگار نہیں۔ سروے کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے وزیراعظم عمران خان کی حمایت بھی کی اور کہا کہ ان کی نیت اچھی ہے، اس لیے انہیں 5 سال مکمل کرنے چاہیئے، تاہم اپنی کارکردگی میں بھی بہتری لانی چاہیئے۔واضح رہے کہ آج 25 جولائی 2020 کو عام انتخابات 2018 کے انعقاد کو 2 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ 2 سال قبل ہوئے انتخابات میں تحریک اںصاف وفاق اور 2 صوبوں میں میدان مارنے میں کامیاب رہی تھی۔ تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں اتحادی حکومت قائم کی، جبکہ خیبرپختونخواہ میں مسلسل دوسری مرتبہ انتخابات جیت کر تاریخ رقم کی۔ خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف دو تہائی سے زائد اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close