اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم پاکستان کی جانب سے جمہوریہ ترکی اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو تاریخی مسجد آیا صوفیا میں 86 سال بعد پہلی نماز کا اہتمام کرنے پر مبارکباد دی گئی ہے۔ وزیراعظم آفس کے ایک ٹویٹ میں اسے تاریخی دن قرار دیا گیا ہے۔ ٹویٹ کے ساتھ آیا صوفیا مسجد اور نماز کی ادائیگی کے
مناظر کی تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ ترک عدالتی فیصلے کے بعد گزشتہ روز استنبول میں واقع آیا صوفیا میں کئی دہائیوں بعد پہلی مرتبہ نمازِ جمعہ ادا کی گئی جس کی تیاریاں سرکاری سطح پر کی گئیں۔ صدر رجب طیب اردگان نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد آیا صوفیا پہنچے جہاں کابینہ کے وزراء نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر تاریخی مناظر دیکھنے میں آئے۔86 سال بعد اس تاریخی مسجد میں نماز ادا کی گئی۔ آیا صوفیا مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے ہزاروں لوگ جمع ہوئے۔مسجد کے اطراف میں بھی ہزاروں لوگ موجود تھے۔ کوئی بھی اس تاریخی موقع سے محروم نہیں ہونا چاہتا۔اور اس طرح 86 سال بعد آیا صوفیہ میں لوگ اپنے رب کے حضور سجدہ ریز ہوئے۔ یاد رہے کہ 10 جولائی کو ترکی کی سب سے اعلی انتظامی عدالت کونسل آف اسٹیٹ نے آیا صوفیہ کو سلطان محمد فاتح فانڈیشن کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے 1934 کے فیصلے کو منسوخ کر دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ اسے مسجد کے علاوہ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ یہ عمارت چھٹی صدی میں تعمیر کی گئی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں