لاہور(پی این آئی)25 جولائی 2018 سے 25 جولائی 2020 تک، پی ٹی آئی پنجاب نے عام انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے دو سال پورے ہونے پر کیک کاٹا، مبارکبادیں دی گئیں۔پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدر ی کی صدارت میں پارٹی سیکرٹریٹ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں
25 جولائی 2018 ء کے عام انتخابات میں کامیابی اورحکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر کیک کاٹا گیا۔ تقریب سے اعجازاحمدچوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ احسن اقبال کی پریس کانفرنس جھوٹ کے پلندے کے سوا کچھ نہیں ہے، قوم کرپٹ ترین اپوزیشن کے منہ سے سچ کی توقع نہ رکھے، پی ٹی آئی نے کرپٹ ترین جماعتوں کو عام انتخابات میں عوام کے ووٹوں کی طاقت سے عبرتناک شکست دی، وزیراعظم عمران خان نے کرپٹ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلائی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا دورِحکومت ملک وقوم کے لئے سیاہ ترین دور تھا، ٹی ٹی، کرپشن، لوٹ مار، کمیشن، رشوت کی بنیاد ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادتوں نے رکھی، بلاتفریق احتساب سے کرپٹ مافیا کی چیخیں نکل رہی ہیں۔پی ٹی آئی کی دوسالہ حکومتی کارکردگی،اپوزیشن کی 40 سالہ کارکردگی پر بھاری ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی لوٹ مار کی وجہ سے ملک قرضوں کی دلدل دھنسا،انہوں نے کہاکہ ن لیگ کی اعلیٰ قیادت ملکی خزانے کو لوٹ کر بیرون ملک فرار ہوچکی ہے، زرداری اور شریف خاندانوں نے کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کئے، اپوزیشن کے حواریوں نے کرپشن میں پی ایچ ڈی کررکھی ہے، عمران خان نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، اعجازاحمدچوہدری نے مزید کہاکہ وزیراعظم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، وزیراعظم عمران خان کی موثر حکمت عملی سے معیشت اور سٹاک ایکسچینج میں بہتری آ رہی ہے. تقریب میں جنرل سیکرٹری علی امتیاز وڑائچ، سینئرنائب صدر عامر گجر، ترجمان پنجاب حکومت ناصر سلمان، جنرل سیکرٹری وومن ونگ روبینہ شاہین، جوائنٹ سیکرٹری پنجاب قاری ذوالفقار علی سیالوی، سیکرٹری اطلاعات وومن ونگ رضوانہ غضنفر، کوآرڈینیٹرآفتاب افگن، علی نقوی، ڈاکٹر مصباح ظفر، ظفراللہ چٹھہ، راؤ کاشف، حبیب سرورسمیت دیگر نے شرکت کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں