لاہور(پی این آئی)لاہوریوں کو وزیراعظم عمران خان نے بڑا تحفہ دے دیا، ایل ڈی اے کے تحت کتنے ہزار اپارٹمنٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ منظور، کیسے ملیں گے؟ کس کو ملیں گے؟ جانیئے۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر ایل ڈی اے سٹی
اپارٹمنٹس کے تعمیراتی منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لئے نئے بجٹ میں دو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ یہ رقم کسی اور منصوبے پر خرچ نہیں کی جائے گی ۔منصوبے کو ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا نام دیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان کی زیر صدارت اپارٹمنٹس سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں چیف انجینئر حبیب الحق رنداھا ‘چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اختر زید ی ‘چیف ٹاؤن پلانر طارق محمود اورڈائریکٹر فنانس محمد اختر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ موضع ہلوکی میں واقع ایل ڈی اے سٹی میں ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر 35ہزار رہائشی اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔ یہاں پانچ مختلف کیٹیگریوں کے اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے جن کا رقبہ 650مربع فٹ سے2200مربع فٹ تک ہو گا۔اپارٹمنٹس کے لے آؤٹ پلان کی منظوری ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی سے حاصل کی جائے گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اپارٹمنٹس کے لئے اراضی ایل ڈ ی اے سٹی سکیم کی طر ز پر حا صل کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 800کنال اراضی پر چار ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔ ان اپارٹمنٹس کی قیمتیں ایل ڈی اے اور دیگر سرکاری ملازمین اور کم آمدنی والے افراد کی پہنچ میں رکھی جائیں گی۔ یہ اپارٹمنٹ اڑھائی سے تین سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں