ون وے کی خلاف ورزی ،محنت کش سائیکل سوار پر 500 روپے جرمانہ عائد کتنے روپے ٹیکس لگا دیا گیا ؟معافی مانگنے پر کس نے جرمانہ ادا کیا؟ویڈیو وائرل

کراچی (پی این آئی)کراچی کے علاقے کلفٹن میں ٹریفک پولیس آفیسر نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے ایک محنت کش غریب سائیکل سوار کا موٹرسائیکل چالان کوڈ کے تحت 500 روپے جرمانہ کر دیا۔جاری کیے گئے چالان میں سائیکل سوار پر 20 روپے ٹیکس بھی عائد کیا گیا ہے تاہم غربت کی وجہ سے سائیکل سوار جرمانہ ادا نہ کر سکا تو ٹکٹنگ آفیسر کو خود ہی

جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ کراچی ٹریفک پولیس کے ای چالان کی سلپ کے مطابق محمد اقبال شاہد نامی سائیکل سوار پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر 500 روپے جرمانہ کیا گیا۔آفیسر کی جانب سے اس تمام کارروائی کی بنائی گئی ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ پھیری لگا کر مختلف اقسام کی چیزیں فروخت کرنے والے شخص کو پولیس کی گاڑی کے عملے نے روک رکھا ہے۔مذکورہ سائیکل سوار پھیری والے کو ٹریفک پولیس کلفٹن کے ٹکٹنگ آفیسر غلام علی جمالی نے رانگ وے جاتے ہوئے روکا اور اس کا شناختی کارڈ طلب کر کے اسے پانچ سو روپے جرمانہ کیا گیا۔موصول ہونے والی ای سلپ میں سائیکل سوار کو ٹریفک پولیس کے جرمانے کے کوڈ 70 کے تحت چارج کیا گیا جو کہ موٹر سائیکل سوار کو جرمانے کی دفعہ ہے۔اس سلسلے میں کلفٹن ٹریفک سیکشن کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاوید کا کہنا ہے کہ سائیکل کا فائن کوڈ نہ ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل کوڈ کے تحت چالان کی سلپ نکالی گئی۔موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آفیسر سائیکل سوار کو 500 روپے جرمانے کا بتاتا ہے تو غریب پھیری والے کے چہرے کا رنگ اڑ جاتا ہے، وہ کہتا ہے کہ گھر پر کھانے کو آٹا نہیں ہے، میں 500 روپے کہاں سے لاوں؟آفیسر کہتا ہے کہ غلط سمت جانے سے جانی نقصان ہوتا ہے جس پر سائیکل سوار معافی مانگتا ہے۔ٹکٹنگ آفیسر کی کوشش کے باوجود سائیکل سوار چالان کی سلپ وصول نہیں کرتا۔کلفٹن ٹریفک سیکشن کے مطابق یہ جرمانہ ٹکٹنگ آفیسر غلام علی جمالی نے خود ادا کیا اور سائیکل سوار کو وارننگ کے بعد جانے دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں