کورونا وائرس نے عید الاضحی کی چھٹیوں کا مزہ کرکرا کر دیا، حکومت نے واضح اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنےاعلان کیا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عید پر تمام تفریحی مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے جبکہ حکومت سے منظوری کے بغیر قائم کی گئی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔این سی او سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں قائم

مویشی منڈیوں سے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں چنانچہ وفاق، صوبوں، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق خلاف ورزی پر مویشی منڈیاں بند کر دی جائیں گی جبکہ ان کے منتظمین پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔این سی او سی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ چہرے پر ماسک اور سماجی دوری جیسے ضوابط کا خیال رکھیں ورنہ وبا پر قابو پانا مشکل ہوجائے گا۔خیال رہے ملک بھرمیں گزشتہ چند دنوں سے کورونا وائرس کے باعث ہونے والی اموات میں کمی دیکھنے میں آئی تھی تاہم آج ایک مرتبہ پھر سے اس میں اضافہ ہواہے اور 54 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 1209 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 22 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں مزید 1209 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 70 ہزار 400 ہو گئی ہے۔ جب کہ مزید 54 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور اموات 5 ہزار 763 ہو گئیں ہیں تاہم دو لاکھ 19 ہزار 783 افراد صحت یاب ہونے کے گھروں کو لوٹ گئے ہیں لیکن 1316 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close