اسلام آباد (پی این آئی) گزشتہ 10 برس کے دوران وزرائے اعظم کی جانب سے بیرونی دوروں کے خرچ کی تفصیل سینیٹ میں پیش کر دی گئی، نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں 92 غیر ملکی دورے کیے جن پر ایک ارب 80 کروڑ روپے سے زائد اخراجات آئے، موجودہ وزیراعظم عمران خان نے 2018 میں 6 ممالک
کے دورے کیے جن پر صرف 4 کروڑ 56 لاکھ روپے کے اخراجات آئے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز وزارت خارجہ کی جانب سے سینیٹ میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں 2008 سے 2018 تک وزرائے اعظم کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔ تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران بیرونی دوروں پر سب سے زیادہ اخراجات نواز شریف کے دور میں ہوئے۔ نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں 92 غیر ملکی دورے کیے جن پر ایک ارب 80 کروڑ روپے سے زائد اخراجات آئے۔نواز شریف اپنے دور حکومت میں 262 دن غیر ملکی دوروں پر رہے۔ غیر ملکی دوروں پر ان کے ہمراہ 2390 افراد نے وفود کی شکل میں بیرون ممالک سفر کیا۔اپنے دور اقدتار میں نواز شریف نے متعدد بار لندن کے نجی دورے بھی کیے۔ انہوں نے 2016 میں لندن کا 48 روز کا نجی دورہ کیا تھا جس پر 6 کروڑ 90 لاکھ روپے اخراجات آئے تھے۔ جبکہ موجودہ وزیراعظم عمران خان نے 2018 میں 6 ممالک کے دورے کیے جن پر صرف 4 کروڑ 56 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔عمران خان نے 2018 میں 7 روز کے غیر ملکی دورے کیے اور ان کے ہمراہ وفد میں 127 افراد بھی بیرون ملک گئے۔ نواز شریف اور عمران خان کے علاوہ یوسف رضا گیلانی کے 48 غیر ملکی دوروں پر 57 کروڑ 16 لاکھ روپے، راجہ پرویز اشرف کے 9 غیر ملکی دوروں پر 10 کروڑ 71 لاکھ روپے اور شاہد خاقان عباسی کے 19 غیر ملکی دوروں پر 25 کروڑ 95 لاکھ روپے اخراجات آئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں