پاکستان کیلئے بڑا اعزاز، چھٹی مرتبہ اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کی صدارت مل گئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان چھٹی مرتبہ اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کا صدر منتخب ہوگیا، پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اقتصادی اور سماجی کونسل کی صدارت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کا متفقہ طور پر صدر منتخب ہوگیا ہے۔ پاکستان اس اہم

عہدے پر چھٹی دفعہ منتخب ہو رہا ہے۔اقتصادی اور سماجی کونسل اقوام متحدہ کا ایک اہم ادارہ ہے۔ پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اقتصادی اور سماجی کونسل کی صدارت کریں گے۔ منیر اکرم اس سے پہلے 2005 میں بھی اقتصادی اور سماجی کونسل کے صدر رہ چکے ہیں۔اقوام متحدہ کی تاریخ میں صرف دو سفارتکار ایک سے زیادہ بار اس اہم عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔منیر اکرم نے اپنے پہلے خطاب میں پاکستان کی بطور صدر ترجیحات پر روشنی ڈالی۔منیر اکرم نے مزید کہا کہ عالمی انفراسٹرکچر ، ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالیاتی وسائل ہر کام اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی کوششوں کو مزید مظبوط کرنا بھی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بطور صدر سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ اور ترقی پزیر ممالک تک اس کی رسائی پر بھی خصوصی توجہ دے گا۔ پاکستان ،وزیر اعظم عمران خان کے عالمی اقتصادی وژن کو مزید فروغ دے گا۔منیر اکرم نےکہا کہ دنیا کو اس وقت کئی مسائل درپیش ہیں ۔ کورونا کے عالمی معیشت اور صحت پر اثرات اور اسکا ممالک کی ترقی پر منفی اثر اہم مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی تسلط اور مقبوضہ علاقوں میں محصور اقوام پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ کورونا کی ویکسین کی تمام ممالک تک رسائی ہماری ترجیحات میں شامل ہوگی ۔ خیال رہے کہ منیر اکرم کو حال ہی میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close