اسلام آباد(پی این آئی): میگا منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔میگا منی لانڈرنگ سے متعلق جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد میں ہوئی تاہم احتساب
عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان کی مصروفیت کے باعث سماعت نہ ہو سکی۔ ریفرنس کے تمام ملزمان کی عدالت میں حاضریاں لگائی گئی۔ جبکہ عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی اور مزید کیس کی سماعت 29 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ آج کی سماعت میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان تھا ،دوسری جانب گزشتہ سماعت پر ریفرنس کے شریک ملک زین ملک کی پلی بارگینگ کی درخواست پر کارروائی بھی جاری ہے۔ گزشتہ سماعت پر نیب کی جانب سے پلی بارگیننگ کی درخواست پر کارروائی مکمل کرنے کیلئے وقت مانگا گیا تھا جس پر عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ مقدمے کے ایک ملزم کی پلی بارگیننگ کی درخواست پر کارروائی مکمل ہونے تک فرد جرم نہیں لگ سکتی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں