چاند کی رویت کا تنازعہ ، ٹیکنالوجی کا استعمال درست قرار دیدیا گیا، اسلامی نظریاتی کونسل بھی فواد چوہدری کی حمایت میں سامنے آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) ذی الحج کے چاند کی رویت کا تنازعہ، چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے فواد چوہدری کی تجویز کی حمایت کر دی، قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ چاند دیکھنے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کی تجویز درست ہے، تاہم چاند کی رویت کے بنا عید کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جا سکتا، لہٰذا ٹیکنالوجی کے

استعمال اور رویت ہلال کمیٹی دونوں کو لے کر آگے بڑھا جائے۔تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان تنازع ختم ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کے بغیر چاند کا اعلان نہیں کیا جاسکتا لہٰذا ٹیکنالوجی کے استعمال اور رویت ہلال کمیٹی دونوں کو لے کر آگے بڑھا جائے۔دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے چاند سے متعلق ٹوئٹ کر دی۔اپنی ٹوئٹ میں وفاقی وزیر فواد چودھری نے چاند کی تصویر شیئر کر دی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ پہلی کا چاند ہے؟ کیا سورج کے غروب ہونے کے بعد اتنی دیر چاند آسمان پر رہتا ہے؟ عوام خود فیصلہ کر لیں۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں ذی الحج کے چاند کی پیدائش 20 جولائی کو ہوگی اور 21 جولائی بروز منگل کو چاند نظر آ جائے گا۔تاہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے گزشتہ روز کے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ بادلوں کی وجہ سے چاند نظر نہیں آ سکا، اس لیے عید الاضحیٰ 31 جولائی کی بجائے یکم اگست کو ہوگی۔ اس حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چاند تو آسمان پر موجود تھا، رویت ہلال کمیٹی نے خود ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے چاند دیکھنے کی کوشش نہیں کی۔ جبکہ دیگر معاملات کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا سکتا ہے، تو پھر چاند دیکھنے کیلئے بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہیئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close