اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی اینٹی کرپشن کی جانب سے فراڈ قرار دیے گئے رہائشی منصوبے سے الگ ہوگئے۔گزشتہ سال اینٹی کرپشن ایسٹ کی جانب سے اخبار میں جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز سے
متعلق ایک فراڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کا منصوبہ ’سونی ہیمبلٹ‘ بھی شامل تھا۔فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ 16 سال قبل اس منصوبے میں 100 لوگوں نے بکنگ کی مد میں کروڑوں روپے جمع کروائے تھے تاہم امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر منصوبے کو بند کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ منصوبے کی مد میں فردوس شمیم نقوی نے لی گئی رقم پر کئی سال منافع لیا ہے تاہم اب اچانک اس منصوبے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے دستبرداری سے متعلق اشتہار بھی اخبار میں دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کے مطابق 100 میں سے 94 لوگ اب تک اپنی رقم واپس لے چکے ہیں۔خیال رہے کہ فردوس شمیم نقوی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما ہیں اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں۔ فردوس شمیم نقوی پیپلزپارٹی پر بھی کرپشن کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں