پاکستان میں کورونا وائرس میں کمی پاک فوج ‘‘ کی معاونت سے آئی‘‘ امریکی اخبار نے رپورٹ جاری کر دی

کراچی (پی این آئی) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی معاونت سے پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے تاہم حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر عوام کی طرف سے بے احتیاطی اور ایس او پیزکی خلاف ورزی کی صورت میں کورونا کیسز کی تعداد پھر بڑھ سکتی ہے۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق دو ماہ قبل پاکستان میں کورونا کیسز بہت کم تھے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکام نے پابندیوں میں نرمی کردی تاکہ لوگ عیدالفطر کیلئے خریداری کر سکیں تاہم چند ہی ہفتوں میں اس فیصلے کے نتائج بھگتنے پڑے اور ہسپتال کورونا مریضوں سے بھر گئے۔ وزیراعظم عمران خان جو ملک گیر سخت لاک ڈاؤن سے گریزاں تھے نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی متعارف کرائی جسکے تحت کورونا پھیلاؤ والے علاقوں کو بند کیا گیا، اس ضمن میں وزیر اعظم نے فوج سے معاونت کیلئے کہا۔ پاک فوج کی لاجسٹکس، سکیورٹی اور سرویلنس میں شمولیت سے کورونا کیسز میں کمی لانے میں مدد ملی۔ کورنا کے خلاف جنگ میں فوج کی شمولیت سے افرادی قوت اور اتھارٹی دونوں کا اضافہ ہوا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فورم پر سول و فوجی حکام باقاعدگی سے اجلاس کرتے ہیں، مقامی لاک ڈاؤنز پر عملدرآمد میں فوجی جوان مدد کرتے ہیں اس کے علاوہ کنٹیکٹ اور ٹریسنگ کی کوششیں بہتر بنانے کیلئے آئی ایس آئی سرویلنس کر رہی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے یومیہ اموات اور نئے مریضوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close