کراچی میں 10 لاکھ کی ڈکیتی کی اطلاع، پولیس پہنچی تو 25 لاکھ کا دعوی کر دیا گیا، شکوک و شبہات زور پکڑ گئے

کراچی(پی این آئی)کراچی میں 10 لاکھ کی ڈکیتی کی اطلاع، پولیس پہنچی تو 25 لاکھ کا دعوی کر دیا گیا، شکوک و شبہات زور پکڑ گئے، کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں سگریٹ کمپنی کی سپلائی وین سے درجن سے زائد مسلح ملزمان نے لاکھوں روپے لوٹ لیے۔ ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے

مطابق پیر کی دوپہر کورنگی انڈسٹریل ایریا سے سگریٹ کمپنی کی ڈسٹریبیوشن وین کے عملے نے مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی کہ درجن سے زائد مسلح ملزمان انہیں یرغمال بنا کر 10 لاکھ روپے کیش لوٹ کر فرار ہوگئے۔ایس ایس پی کے مطابق مددگار 15 پولیس کا عملہ اور کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی پولیس موبائل فوری طور پر موقع پر پہنچی تو وین کے عملے نے 25 لاکھ روپے لوٹے جانے کا دعوی کر دیا۔ پولیس کے مطابق وین کے عملے کا کام مختلف علاقوں میں اپنی فرنچائز پر سپلائی کرکے ملنے والا کیش اپنے دفتر لے جانا ہوتا ہے مگر لٹنے والوں کا دعویٰ ہے کہ وہ یہ رقم بینک میں جمع کرانے کے لیے جا رہے تھے۔ایس ایس پی فیصل عبداللہ کے مطابق واردات کے وقت وین کے ساتھ مسلح سیکیورٹی گارڈ موجود تھا مگر حیرت انگیز طور پر سیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت نہیں کی۔گارڈ فائرنگ نہ کر دے، اس خدشے کے پیش نظر ڈاکو عام طور پر ایسی وارداتوں میں اسلحہ بھی لوٹ کر لے جاتے ہیں مگر اس واردات میں ایسا بھی نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان پر وین کے سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ نہیں کی۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close