اسلام آباد (پی این آئی) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے عوامی سروے میں انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس کیخلاف سب سے بہتر اقدامات گلگت بلتستان نے کیے، گلگت بلتستان کی80 فیصد عوام نے حکومتی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا، آزاد کشمیر73، سندھ 56 فیصد، پنجاب 42 فیصد، خیبرپختونخواہ 29
فیصد اور بلوچستان کی کارکردگی14 فیصد رہی۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے کورونا وائرس پر قابو پانے کے بہترین اقدامات سے متعلق عوامی سروے کیا ہے۔ اس سروے میں گلگت بلتستان کی عوام اپنی حکومت سے انتہائی مطمئن نظر آئی۔ گلگت بلتستان کے 80 فیصد افراد نے کورونا کے خلاف حکومتی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔جبکہ ان انتظامات اور اقدامات میں آزاد جموں و کشمیر کی حکومت دوسرے نمبر پر رہی۔وہاں کے 73 فیصد شہریوں نے حکومتی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں68 فیصد شہریوں نے حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔ اسی طرح سندھ کی حکومت کی کارکردگی میں 56 فیصد، پنجاب کیلئے 42 فیصد، خیبرپختونخواہ 29 فیصد اور بلوچستان کی کارکردگی کے حق میں14 فیصد عوام نے اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے ملک میں کورونا وباء میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔یہ تعداد کم ہو کر 1579 پر آگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 22 ہزار 559 ٹیسٹ کیے گئے،ملک بھر میں کورونا کے 17 لاکھ 21 ہزار 660 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 238 ہوگئی ہے، پنجاب میں 89 ہزار 793 ، خیبر پختونخوا میں 31 ہزار 890، بلوچستان میں 11 ہزار 424 ، اسلام آباد میں 14 ہزار 576 ، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 888 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 807 کورونا مریض ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں