شیخوپورہ(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں بلدیاتی نہیں بلکہ عام انتخابات کے انعقاد کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے، حکومت مرکز اور صوبہ میں مکمل طور پر مافیاز کے سامنے بے بس ہو کر رہ گئی ہے ،اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ
خود حکومت مافیاز کے زیر اثر ہے، وزیر اعظم عمران خان کی مرکز کے بعد پنجاب میں حکومت مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے، انکی نالائقی و نا اہلی اور نا تجربہ کاری سے ملک دن بدن نیچے جارہا ہے، ا ب اپوزیشن انہیں مزید پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے ساتھ مزید کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دے گی، بڑی عید کے بعد بڑے فیصلے ہوں گے۔مسلم لیگ ن کےنومنتخب ضلعی صدرعارف خان سندھیلہ اوردیگر کےملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ بزدار حکومت وزیر اعظم عمران خان کے بار بار اعتماد کے باوجود اپنی کارکردگی نہیں دکھا سکی جس سے صوبے کا بیڑا غرق ہوچکا ہے، جس کا ذمہ دار خود سلیکٹڈ وزیر اعظم ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس عوامی مسائل کے حل کا کوئی ویژن ہی نہیں، فقط بلند و بانگ دعوؤں اور وعدوں سے سادہ لوح عوام کو بیوقوف بنایا جارہا ہے،چینی مافیا کا ایک سرغنہ بیرون ملک اور دوسرا وزیر اعظم کے ساتھ بیٹھا ہے، ایسے میں ملک کسی بھی طور پر درپیش مسائل مشکلات اور بحرانوں کی دلدل سے باہر نہیں آسکتا، وزیر اعظم جنگلات کو آباد کرنے اور عوام کے آباد علاقوں کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں ،اس وقت ملک کو درختوں کی نہیں بلکہ نیک بخت لوگوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس بدستور پھیل رہا ہے،ایس او پیز پر عملدر آمد میں حکومت ناکام ثابت ہوئی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے گرفتار بھارتی جاسوس کلبوشن یادیو کیلئے قونصل تک رسائی کے حوالے سے خود آرڈیننس جاری کیا ہے، اگر نواز لیگ ایسا کرتی تو پھر کیا ہوتا؟۔ انہوں نے کہا کہ اب بلدیاتی انتخابات کی نہیں بلکہ عام انتخابات کی ضرورت ہے اور اس کیلئے اپوزیشن جماعتیں فیصلہ کن تحریک چلانے کیلئے ایک پیج پر جمع ہورہی ہیں، بڑی عید کے بعد انشا اللہ بڑے فیصلے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں