اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ کشمیری ریاست کا پاکستان سے الحاق ضروری ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام یوم قرارداد الحاق پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے بھی شرکت کی، اس موقع
پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کا پاکستان کے ساتھ مذہبی اور ثقافتی الحاق ہے، لیکن موجودہ پالیسی کے مطابق آپ 700 سال بھی لگے رہیں تو بھی مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا میں انصاف کے اداروں کے پاس جانا پڑے گا، جغرافیائی لسانی اور مذہبی اعتبار سے ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا جزو ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 19جولائی 1947 کی قرارداد کو ریاست بھر کے عوام کی تائید حاصل تھی،کشمیریوں نے اپنا فرض ادا کر دیا، اب پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آزادکشمیر حکومت اور حریت کانفرنس کو اپنا مقدمہ پیش کرنے کی اجازت دی جائے، حکومت پاکستان کو تجاویز ارسال کر دی ہیں کہ کس طرح آگے بڑھا جاسکتا ہے۔راجا فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت کے انسانیت کے خلاف جرائم پر دنیا بھر کے ممالک میں کیس کریں گے، پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت کو آپس میں مل کر کشمیر پرکام کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو بھارتی جیلوں میں نہیں رکھا جاسکتا، قید اور نظربند حریت رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں