خبر جس سے کہرام مچ گیا ،پیار کے سارے رشتے ایک ہی حادثے میں موت کے منہ میں چلے گئے، کراچی کے شہید ملت روڈ پر بے قابو ڈمپر نے دادا، دادی اور پوتے کی جان لے لی

کراچی(پی این آئی)خبر جس سے کہرام مچ گیا ،پیار کے سارے رشتے ایک ہی حادثے میں موت کے منہ میں چلے گئے، کراچی کے شہید ملت روڈ پر بے قابو ڈمپر نے دادا، دادی اور پوتے کی جان لے لی، شہید ملت روڈ پرانڈر پاس میں تیزرفتارڈمپرنے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکرماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر

سوار دادا، دادی اورپوتا جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح شہید ملت روڈ پر ہل پارک انٹر سیکشن پر قائم انڈر پاس میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی اورکافی دور تک رگڑتا ہوا موٹر سائیکل کو ڈمپر سمیت لے گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔واقعے کے بعد حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے ڈمپر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی چھیپا ایمبولینسیں موقع پر پہنچیں اورلاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔جاں بحق افراد میں سے دو افراد کی شناخت ان کی جیبوں سے ملنے والے شناختی کارڈ کے ذریعے 78 سالہ عبدالشکور ولد عبدالحکیم اور20 سالہ عبدالغفور ولد عبدالسلام کے نام سے کی گئی ، پولیس کے رابطہ کرنے پر متوفی عبدالغفور کا والد عبدالسلام جناح اسپتال پہنچا جہاں اس نے خاتون کو اپنی والدہ نور صبا کے نام سے شناخت کیا۔عبدالسلام نے بتایاکہ وہ کورنگی بلال کالونی کے رہائشی ہیں،اس کے والدین اوربیٹا گھر سے کسی کام کے سلسلے میں صبح نکلے تھے اور حادثے کا شکار ہوگئے، حادثے کی اطلاع انہیں پولیس کے ذریعے ملی جس پر وہ فوری طورپراسپتال پہنچے۔عبدالسلام نے مزید بتایا کہ متوفی عبدالغفوران کا ایک ہی بیٹا تھا جبکہ اس سے چھوٹی دو بیٹیاں ہیں، وہ کورنگی کی مقامی ڈائنگ فیکٹری میں کام کرتے ہیں، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close