وہ نجی اسکول جس نے تمام طلبا کی تین ماہ کی فیسیں بالکل معاف کردیں، شاندار مثال قائم

لاہور(پی این آئی) لاہور کے ایک نجی اسکول نے 3 ماہ کی فیسیں معاف کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نجی اسکول نے مالک نے والدین پر دباؤ نہ ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 3 ماہ کی فیسیں معاف کر دی ہیں۔ لاہور کے علاقے داتا دربارٹاؤن میں واقع نجی

سکول کے مالک فرخ شاہ نے نیوز ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے والدین کی حالت دیکھ کر 3 ماہ کی مکمل سکول فیس چھوڑ دی ہے جو کہ 15 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آفت کے اس دور میں ہر کسی کو عوام کی مدد میں اپنا حصہ ڈالناچاہیے۔ کمائی سے زیادہ انسانیت ضروری ہے، ان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 15 لاکھ کی رقم بہت بڑی نہیں ہے، ابھی برا وقت آیا ہے، کل اچھا وقت بھی آجائے گا۔کل کو ہم نے اس دنیا سے رخصت ہو جانا ہے، پیسے یہاں ہی بینک میں رہ جانے ہیں۔حکومتی کارکردگی پر باتا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اس میں کچھ نہیں کر سکتی، جب سے پاکستان بنا ہے، ہماری حکومت قرضوں میں ڈوبی ہوئی ہے۔ فرخ شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وقت میں حکومت کی مدد کرنی چاہیئے نہ کہ ان سے مدد مانگنی چاہیئے۔ فرخ شاہ کا کہنا تھا کہ جب کورونا کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہو گئے تو والدین کے لئے فیس ادا کرنا مشکل ہو گیا تھا، اس وقت میں والدین سے نظریں ملانا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہو گیا تھا۔فرخ شاہ کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے 3 ماہ کی فیسیں معاف کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ ان کا سکول ایریاکے بہترین سکولوں میں شامل ہوتا ہے جہاں پلے گروپ سے میٹرک تک بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے اور ان کے سکول میں بچے بچیوں کی کل تعداد 500 سے زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول کی عمارت ان کی ذاتی ملکیت ہے، اس لئے انہوں نے اپنے معاشی مسائل کو اس مشکل وقت میں پس پشت ڈال دیا ہے۔دوسرے اسکولوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے فرخ شاہ کا کہنا تھا کہ اسکول مالکان کہتے ہیں کہ وہ اسکول کے اخراجات کی وجہ سے فیس معاف نہیں کر سکتے، وہ غلط بیانی کرتے ہیں، حقیقت تو یہ ہے کہ جون سے استمبر تک اسکول کا خرچہ نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ اپنے موقف کے دفاع میں انہوں نے کہا کہ ان دنوں ویسے ہی سکول بند ہوتے ہیں نہ بجلی استعمال ہوتی ہے اور نہ ہی معمول کے اخراجات ہوتے ہیں لہذا اگر اس بار وہ بھی منافع چھوڑ کر لوگوں کی مشکلات کا سوچیں تو کافی حد تک پریشانی کم ہوجائے گی۔خیال رہے کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے حکومت نے اسکول مالکان کو فیس میں 20 فیصد کمی کرنے کا کہا تھا جس پر اسکول مالکان اور حکومت کے درمیان اتفاق نہیں ہو پا رہا تھا، تاہم ان مشکل حالات میں ایسی مثالیں بھی موجود ہیں جہاں لاہور کے علاقے داتا دربارٹاؤن میں واقع نجی سکول کے مالک فرخ شاہ نے پورے اسکول کے بچوں کی 3 ماہ کی فیسیں معاف کر دی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close