اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کے معاونین اور مشیروں کی شہریت کی تفصیلات جاری،وزیر اعظم کے 15 معاونین خصوصی میں سے 5 دوہری شہریت کے حامل۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے 15 معاونین خصوصی کے اثاثہ جات اور دہری شہریت کے حوالے سے تمام تفصیلات
کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں۔وزیر اعظم کے پندرہ مشیروں میں سے پانچ مشیر دوہری شہریت کے حامل ہیں جبکہ دو معاون خصوصی گرین کارڈ ہولڈر ہیں ۔دوہری شہریت کے حامل معاونین خصوصی میں سے معاون خصوصی برائے “نیشنل سیکیورٹی” معید یوسف امریکی شہری ہیں جبکہ زلفی بخاری برطانوی شہریت رکھتے ہیں ۔ تانیہ ادریس کینیڈا اورسنگاپور کی شہریت رکھتی ہیں جبکہ معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر امریکی شہریت کے حامل ہیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن کینیڈا کی شہریت رکھتے ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے میڈیا میں سب سے متحرک سمجھے جانے والے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں ۔۔۔۔۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاونین خصوصی و مشیران کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب 75 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کے اثاثوں کی مالیت 29 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے۔ مشیر ماحولیات ملک امین اسلم ایک کروڑ 40 لاکھ 48 ہزار روپے کےاثاثوں کےمالک ہیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 16 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے۔ زلفی بخاری کا پاکستان میں کچھ بھی نہیں تاہم ان کے برطانیہ میں کروڑوں پاؤنڈ کے اثاثہ جات ہیں۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے اثاثے 5 کروڑ روپے سے زائد ہیں جبکہ ڈاکٹرشہبازگل کےمجموعی اثاثے 11 کروڑ روپے سے زائد ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں