کراچی کی پانی سے بھری سڑکوں پر کھڑے ٹریفک پولیس اہلکاروں نے شہریوں کے دل جیت لیے، ان کو شاباش دیں

کراچی(پی این آئی)کراچی کی پانی سے بھری سڑکوں پر کھڑے ٹریفک پولیس اہلکاروں نے شہریوں کے دل جیت لیے، ان کو شاباش دیں۔شہر قائد میں ہونے والی بارش کے دوران فرض شناس ٹریفک پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی کرتے نظر آئے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ایک روز قبل کراچی کے

مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی تھی جس کے بعد سڑکیں اور شاہراہیں زیر آب آگئیں تھیں اور ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہوئی تھی۔کراچی کی مصروف ترین شاہراہ ’شارع فیصل‘ پر بارش کا پانی ریلے کی صورت میں بہہ رہا تھا جس کی وجہ سے سڑک پر ڈھائی سے تین فٹ پانی کھڑا ہوگیا تھا۔شارع فیصل پر ریجنٹ پلازہ، ایف ٹی سی، نرسری، لال کوٹھی، کارساز فلائی اوور، ڈرگ روڈ اسٹیشن، اسٹار گیٹ اور ایئرپورٹ پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا تھا۔شارع فیصل لال کوٹھی کے پاس گھٹنوں گھٹنوں تک پانی میں کھڑے پولیس اہلکار ہاتھ میں وائرلیس لیے ہوئے تھے اور وہ اس مشکل وقت میں بھی ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے تھے۔علاوہ ازیں چند ٹریفک پولیس اہلکار ایسے بھی تھے جو نکاسی کے لیے پانی کا راستہ بنا رہے تھے۔اس کے ساتھ ہی سندھ پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے بھی ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کی مدد کی اور انہوں نے گاڑیوں کو دھکا دے کر پانی سے باہر نکال کر شہریوں کو بڑی پریشانی سے بچایا۔کراچی کے جناح اسپتال میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا تھا جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، تھانہ صدر کے ایس ایچ او نے اطلاعات ملنے کے بعد تھانے کی نفری کو بھیج کر پانی کی نکاسی کروائی۔شارع فیصل پر ڈیوٹی دینے والے اہلکار کا نام اشرف جٹ ہے جو فیروز آباد ٹریفک پولیس میں بطور سیکشن آفیسر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔شارع فیصل سے روزانہ گزرنے والے شہریوں میں سے ایک نوجوان نے بتایا کہ مذکورہ پولیس افسر ٹریفک کے دباؤ کے وقت شارع فیصل پر ضرور نظر آتے ہیں اور وہ ٹریفک کو روانی کو بہتر بھی بناتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین نے بالخصوص شارع فیصل پر ڈیوٹی دینے والے ٹریفک پولیس اہلکار کو سراہا اور اُن کی فرض شناسی پر رشک بھی کیا۔میٹھا در ٹریفک سیکشن کے اے ایس آئی عثمان نے بھی ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے سڑک پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کا بندوبست کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

close