ملک بھر کے تاجر آج اسلام آباد میں ’ ہارن بجاؤ، حکومت کو جگاؤ ‘ ریلی کا انعقاد

اسلام آباد ( پی این آئی) ملک بھر کے تاجر آج اسلام آباد میں ہارن بجاؤ، “حکومت کو جگاؤ” ریلی منعقد کریں گے، ریلی کے شرکاءزیرو پوئنٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ کریں گے۔ راولپنڈی اسلام آباد کے تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دیگر شہروں سے آنے والے تاجر نمائندوں کا زیرو پوائنٹ پر استقبال کیا جائے گا۔

احتجاج مکمل طور پر پر امن ہوگا اور یہ احتجاج کسی کے خلاف نہیں بلکہ کورونا سے متاثرہ تاجروں کے حقوق کے حصول کے لئے تاجر شاہراہ دستور پر ہارن بجا کر حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں گے۔ آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے گولڑہ روڈ فرنیچر ایسوسی ایشن کے عہدے داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہا کہ دو دن کا لاک ڈاؤن کاروبار کی تباہی کا سبب ہے حکومت فوری طور پر اوقات کار بڑھائے اور صرف ایک دن چھٹی کی جائے۔ ریسٹورنٹ، ہوٹل، مارکیز، شادی گھر گزشتہ چار ماہ سے مکمل طور پر بند ہیں اور وہ اپنے ملازمین سمیت فاقہ کشی اس پر مجبور ہیں حکومت فوری طور پر ہر قسم کی بندش کاروبار کھولنے کی اجازت دے۔آل پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ایسوسی ایشن احتجاجی مظاہرے میں بھرپور طریقے سے شرکت کرے گی اور تاجروں کی طرف سے دیئے گئے مطالبات کو جائز تصور کرتے ہیں۔ حکومت 6 ماہ کا کرایہ ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے بجلی کے تھری فیز میٹر بھی رعایت میں شامل کیے جائیں۔ فرنیچر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کاشف محمود نے کہا کہ فرنیچر کے تاجر مظاہرے میں فرنٹ لائن پر ہونگے اور ہارن بجا کر حکمرانوں کو جگائیں گے۔

close