وفاقی وزیر مراد سعید کی وزارت پاکستان پوسٹ میں اربوں روپےکا میگا اسکینڈل سامنے آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیر مراد سعید کی وزارت پاکستان پوسٹ میں بھی مبینہ سکینڈل سامنے آ گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی وزیر مراد سعید کی کئی بار تعریف کی گئی۔جبکہ یہ بھی بتایا گیا کہ مراد سعید کی وزارت نے قومی خزانے کو بہت فائدہ پہنچایا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بھی

بتایا جاتا رہا کہ وفاقی وزراء میں ابھی تک مراد سعید کی وزارت کی کارکردگی بہتر جا رہی ہے۔مراد سعید کی وزارت کی کارکردگی کا اعتراف وزیراعظم عمران خان بھی تقریبات میں کرتے رہتے ہیں۔تاہم اب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان پوسٹ میں مبینہ میگا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اربوں روپے کی سنگین بے ضا بطگی کی نشاندہی کر دی ہے۔نجی بینک کو بغیر ٹینڈر کے 118 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا کنٹریکٹ دینے کا الزام سامنے آیا ہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اس حوالے سے نیب کو بھی خط لکھ دیا ہے۔ اور مطالبہ کیا ہے کہ اس کانٹریکٹ کو منسوخ کروایا جائے۔دوسری جانب ترجمان پاکستان پوسٹ نے محکمہ ڈاک (پاکستان پوسٹ) میں بھرتیوں سے متعلق گزشتہ کئی ہفتوں سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کی جانب سے بھرتیوں کے حوالہ سے نہ تو کوئی اشتہار جاری کیا گیا نہ ہی پابندی کے باعث اس وقت ادارے میں بھرتی کا عمل جاری ہے۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر تشہیر کی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے لہٰذا عوام کو ایسی بے بنیاد خبروں پر کان دھرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ بھرتیوں کے حوالہ سے تشہیر کی جانے والی ایسی غلط، جعلی اور بے بنیاد خبروں پردھیان نہ دیں اور اس سلسلہ میں کسی کے جھانسے میں نہ آئیں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close