پشاور تا کراچی موٹروے مکمل کرنے کی تیاری۔۔۔ 296 کلومیٹر طویل نئی موٹروے کی تعمیر کااعلان

اسلام آباد(پی این آئی) پشاور تا کراچی موٹروے کو مکمل کرنے کی تیاریاں، 296 کلومیٹر طویل نئی موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی، منصوبے کی تعمیر پر کل 165 ارب روپے کی لاگت آئے گی، 24 ارب روپے سے اراضی خریدی جاچکی، تعمیر کا جلد آغاز ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایکنک نے 289 ارب

روپے مالیت کے 4 منصوبوں کی منظوری دیدی۔جمعرات کو وفاقی وزیر زیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ایکنک اجلاس پر ٹویٹ میں بتایاکہ ایکنک نے 289 ارب روپے مالیت کے 4 منصوبوں کی منظوری دیدی۔ اسدعمر نے کہاکہ سکھر حیدر آباد موٹر وے کی بی او ٹی کے تحت 165 ارب سے تعمیر کی منظوری دی گئی ،سکھر حیدرآباد موٹروے کیلئے 24 ارب روپے سے اراضی خریدی جاچکی ہے۔ اسد عمر کے مطابق ایم 8 شاہراہ کا ھوشاب، آواران، خضدار سیکشن منظور ،ایم 8 سے بلوچستان کے مختلف علاقوں تک رسائی بڑھے گی،ایم 8 مستقبل میں گوادر سے وسطی پاکستان تک تجارت کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا،سوات ایکسپریس وے کے چکدرہ تا فتح پور سیکشن کی بھی منظوری دی گئی ،سوات موٹر وے ایکسٹینشن چکدرہ، سیدو شریف، مینگورہ، مٹہ، خوازہ خیلہ سے ہوتی فتح پور پہنچے گی،سوات موٹر وے ایکسٹینشن منصوبہ سیاحت اور تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔اسد عمر کے مطابق خیبر ایجنسی کو خیبر پاس اکنامک کاریڈور سے منسلک کرنے کی منصوبے کی بھی منظوری دی گئی ،خیبر پاس اکنامک کاریڈور این 55 کے بادبہر مقام پر پشاور طورخم موٹروے سے منسلک ہوجائے گا،خیبر پاس اکنامک کاریڈور این 5 پر چمکنی اور جھگڑا کے مقام کو بھی ملائے گا۔ واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے آگاہ کیا تھا کہ سی پیک کے تحت سکھر تا حیدرآباد موٹر وے (ایم 6) کی تعمیر رواں سال کے آخر تک شروع ہوجائے گی۔ اس کی تکمیل کے ساتھ ہی مشرقی روٹ پر پشاور تا کراچی موٹر وے پرسفر کا وقت کم ہوجائے گا۔

close