اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان کیلئے زبردست دھچکا، اب کوئی ائیرلائن پاکستان اور امریکا کے درمیان پروازیں نہیں چلا سکے گی، امریکا نے عالمی ہوا بازی میں پاکستان کی ایک درجے تنزلی کر دی، سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کو کیٹگری 2 ریٹنگ میں ڈال دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکا نے پی آئی اے کی
پروازوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد پاکستان پر ایک اور پابندی عائد کر دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ امریکا نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کو کیٹگری 2 ریٹنگ میں ڈال کر عالمی ہوا بازی میں پاکستان کی ایک درجے تنزلی کر دی ہے۔ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے پاکستان کی ریٹنگ کم کر کے کیٹیگری 2 کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے پاکستان انٹرنیشنل ایوی ایشن آرگنائزیشن کے سیفٹی اسٹینڈرڈ پر پورا نہیں اترتا۔بتایا گیا ہے کہ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے اس اقدام کے بعد اب دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی ائیرلائن پروازیں آپریٹ نہیں کر سکے گی۔پاکستان سول ایوی ایشن امریکا کیلئے کسی پرواز کی اجازت کی مجاز نہیں رہی ۔ پاکستانی سی اے اے سے منظور شدہ ایئر لائنز امریکا کیلئے کوڈ شیئرنگ نہیں کرسکتیں۔ بتایا گیا ہے کہ آئی سی اے او ایوی ایشن سے متعلق اقوام متحدہ کے زیر ماتحت ٹیکنیکل ایجنسی ہے۔ اس کی کیٹگری 1 میں شامل ممالک کی ایوی ایشنز عالمی قواعد وضوابط کے مطابق ہوتی ہیں۔ جبکہ کیٹگری 2 میں شامل ممالک کو امریکا میں پروازیں چلانے کی اجازت نہیں ہوتی۔یہاں یہ واضح رہے کہ امریکا پہلے ہی پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر چکا ہے۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان 19 سال بعد پی آئی اے نے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا تھا، تاہم پاکستانی پائلٹس کے مبینہ جعلی لائسنسز کا معاملہ سامنے آنے کے بعد امریکا نے پی آئی اے کیلئے جاری کردہ اجازت نامہ منسوخ کر دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں