اسلام آباد (پی این آئی) سرکاری سروے کے مطابق اسلام آباد میں کرونا کے تین لاکھ کے قریب مریض موجود ہیں، نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دارالحکومت کی 14 فیصد آبادی کرونا وائرس سے متاثر ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے حال
ہی میں ایک سروے کروایا ہے جس میں یہ چونکا دینے والا انکشاف کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کی 14 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہے۔یہ تعداد سرکاری اعداد و شمار سے 20 گنا زیادہ بنتی ہے۔ یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پورے ملک میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد دو لاکھ 55 ہزار کے قریب ہے، اور اسلام آباد میں کورونا سے صرف 14 ہزار افراد متاثر ہیں۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ملک کا صحت کے حوالے سے سب سے بڑا ادارہ ہے۔اس کی ایف ای ڈی ایس ڈی اور ایف ای ایل ٹی ڈویژنز نے گذشتہ ماہ جون میں اسلام آباد کے کچھ گنجان آباد علاقوں میں کرونا سے متاثرہ افراد کا تناسب جاننے کے لیے سروے کیا۔ سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کی ساڑھے 14 فیصد آبادی میں کرونا وائرس کی علامات موجود ہیں۔ سروے کے نتائج کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 4328 افراد کے ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 628 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔سروے سے معلوم ہوا ہے کہ کرونا سے متاثرہ افراد میں سے اکثریت کی عمریں 31 سے 40 سال کے درمیان ہے جبکہ ہر تین متاثرہ افراد میں ایک خاتون شامل ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 21 ہزار 749 ٹیسٹ کیے گئے، سندھ میں 9 ہزار، پنجاب میں 7 ہزار 175، خیبرپختونخوا ایک ہزار 575، اسلام آباد میں 2 ہزار 333، بلوچستان میں 305، آزاد کشمیر میں 320 جب کہ گلگت بلتستان میں 69 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ اب تک ملک بھر میں 16لاکھ 27 ہزار939 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں