کورونا وائرس کو شکست، وفاقی وزیر اسد عمر نے بڑی یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد(پی این آئی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو جولائی کے اختتام تک ملک بھر میں 2 ہزار آکسیجن بیڈز کا اضافہ یقینی بنانا ہے۔ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کے لیے

وینٹی لیٹرز اور بستروں کی قلت ہو گئی ہے جب کہ کچھ اسپتال کے کورونا وارڈ کے علاوہ دیگر وارڈز بھی کورونا کے مریضوں سے بھر چکے ہیں۔اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ جون میں فیصلہ کیا گیا تھا کے ملک میں ہنگامی بنیاد پر اسپتالوں میں جولائی کے اختتام تک وفاق نے 2000 آکسیجن بیڈز بڑھانے ہیں۔اسد عمر نے بتایا کہ آج تک 1825 بیڈز کا اضافہ ہو گیا ہے جس میں سے اسلام آباد میں 550، پنجاب 480، سندھ 125، خیبر پختونخواہ 390، بلوچستان 150، گلگت بلتستان 40 اور آزاد کشمیر میں 90 بیڈز کا اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے بھی اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور بیڈز کی فراہمی کے لیے ’پاک نگہبان‘ ایپ بھی پیش کی گئی تاکہ جن اسپتالوں میں کمی واقع ہو وہ اس کے تحت بیڈز اور وینٹی لیٹرز حاصل کر سکیں۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 255769 ہوچکی ہے جب کہ اموات کی تعداد 5386 ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close