پہلے سے سنگین بیماریوں میں مبتلا لوگوں کیلئے کورونا زیادہ خطرناک قرار۔۔کتنے فیصد اموات پہلے سے بیمار لوگوں کی ہوئیں؟ تفصیلی رپورٹ آگئی

کراچی (پی این آئی) محکمہ صحت سندھ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بیماریوں میں مبتلا افراد کی اموات زیادہ ہوئیں، ملک میں 71 فیصد اموات پہلے سے بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی ہوئیں جبکہ انتقال کرنے والے 29 فیصد مریض پہلے کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھے، مجموعی اموات میں1377 مریضوں کو کوئی

بیماری نہیں تھی، باقی مریض بیماریوں میں مبتلا تھے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو محکمہ صحت سندھ نے ملک میں ہونے والی اموات سے متعلق رپورٹ پیش کی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ہونے والی اموات میں زیادہ تر ایسے مریض شامل ہیں، جو پہلے ہی کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا تھے یا پھر بزرگ تھے۔ ان مریضوں کی شرح 71 فیصد ہے۔ جبکہ انتقال کرنے والے 29 فیصد مریض پہلے کسی بھی بیماری میں مبتلا نہیں تھے۔لیکن ان کو بیماری لگی تو ان کی قوت مدافعت کم ہوگئی۔ لیکن زیادہ ترلوگوں کو کورونا وائرس نے اس لیے بھی متاثر نہیں کیا ان کی قوت مدافعت بھی زیادہ تھی اور ان کو کوئی پہلے سے بیماری بھی لاحق نہیں تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر5 ہزار 266 اموات ہوچکی ہیں۔ ان اموات میں سے ایک ہزار377 افراد کو پہلے سے کوئی اور بیماری نہیں تھی۔جبکہ باقی 3 ہزار 362 مریض کسی نہ کسی بیماری میں پہلے ہی مبتلا تھے۔ واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد اور اموات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ واضح رہے ملک بھر میں گزشتہ24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 69 مریض چل بسے, جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 5266 ہوگئی جبکہ 2769 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 51 ہزار 625 تک جا پہنچی۔ اسی طرح ایک لاکھ 61 ہزار 917 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close