اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان نے رواں برس حج سے محروم رہنے والوں کو آئندہ سال ترجیح دینے کا اعلان کردیا، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ اگلے سال حج کے لیے حکومت ان تمام افراد کو ترجیح دے گی جنہوں نے اس سال حج کے لیے رقوم جمع کروائی تھیں مگر کورونا وبا کے پیش
نظر حج پر نہیں جا سکیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس سال رقوم جمع کروانے والے عازمین کو بغیر کسی کٹوتی کے رقوم کی واپسی دوجولائی سے شروع ہو چکی ہے اور ہماری تو یقیناً یہی خواہش ہو گی کہ جو لوگ اس مرتبہ رہ گئے ہیں وہ اگلے سال حج پر چلے جائیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دیکھیں ہمارا جو معاہدہ سعودی حکومت کے ساتھ ہوا اس کے تحت ایک لاکھ 80 ہزار حجاج نے جانا تھا جس میں ایک لاکھ سات ہزار حجاج حکومتی سکیم کے ذریعے اور باقی 74 ہزار حجاج پرائیویٹ سکیم کے ذریعے جا رہے تھے۔اگلے سال اگر ہمیں اتنا کوٹہ ملتا ہے اور یہ سارے لوگ اس میں آسکتے ہیں تو ہماری کوشش ہو گی کہ ان کو ایک موقع دیا جائے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس سال سعودی عرب میں مقیم پاکستانی لوگوں کے حج میں شرکت کے لیے انتخاب میں سفارت خانے کا کوئی کردار نہیں ہے بلکہ آن لائن درخواستیں وصول کی گئی ہیں۔ اس میں صحت اور عمر کا پوچھا گیا ہے اور پھر جو اس معیار پر پورے اترتے ہیں ان سے درخواستیں لی جا رہی ہیں اور پھر کسی قرعہ اندازی وغیرہ کے ذریعے ان کا انتخاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سال حجاج کی رقوم بینکوں میں رکھنے سے جو آمدنی حاصل ہوئی ہے وہ حجاج کی بہبود کے فنڈ میں ڈال دی جائے گی اور حجاج سے متعلقہ کاموں میں ہی وہ خرچ کی جائے گی۔ یہ رقم اسلامی بینکنگ کے ذریعے آتی ہے۔ ہمارے تمام بینک شریعت کے اصولوں کے مطابق رقم رکھتے ہیں اور یہ تمام رقم حاجیوں کی خدمت پر ہی خرچ کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں