ملک بھر میں 20 جولائی سے انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز کیا جائے گا

اسلام آباد(پی این آئی): ملک بھر میں 20 جولائی سے انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز کیا جائے گا، ملک بھر میں اس ماہ کی بیس تاریخ سے انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا پھر سے آغاز ہوگا۔ یہ مہم کرونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ چار ماہ سے تعطل کا شکار تھی۔سرکاری میڈیا کے مطابق قومی ہنگامی

امدادی مرکز کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ حکومت نے منتخب ضلعوں میں چھوٹے پیمانے پر گھر گھر جا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہم کے پہلے مرحلے میں ضلع فیصل آباد اٹک جنوبی وزیرستان اور کراچی اور کوئٹہ کے کچھ حصوں میں مہم کا آغاز کیا جائے گا جس میں پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً آٹھ لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کے دوبارہ آغاز کے لائحہ عمل کو قومی ٹیم نے صوبوں سے مشاورت کے بعد ترتیب دیا اور گزشتہ مہینے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے بارے میں تکنیکی مشاورتی گروپ کے اجلاس میں پیش کرنے کے بعد اس کی منظوری دی گئی اور تیزی سے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس لائحہ عمل میں اگست اور ستمبر میں بڑے پیمانے پر اور رواں سال کی آخری سہ ماہی میں قومی سطح پر انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی تین مہم چلانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close