لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت نے عید الاضحیٰ پر3 چھٹیاں دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، کورونا پھیلاؤ کےخدشات کے باعث اضافی تعطیلات نہیں دی جائیں گی، پنجاب میں عید الضحیٰ پر جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کوچھٹی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے معاملے پر وفاقی
حکومت کی پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی حکومت نے بھی عید پر تین چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاق میں ہفتہ اور اتوار کی ویسے ہی چھٹی ہوتی ہے۔جس کے حساب سےعید پر ایک چھٹی دی جائے گی۔ اسی طرح اب پنجاب حکومت کا بھی کہنا ہے کہ عید کی تعطیلات پر پنجاب حکومت وفاق کے ساتھ جائے گی۔ پنجاب میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو عید الاضحیٰ کی چھٹی ہوگی۔جبکہ عید کے بعد سوموار سے سرکاری ادارے معمول کے مطابق کھولے جائیں گے۔واضح رہے وفاقی حکومت کی بھی عید الضحیٰ پرنجی و سرکاری اداروں میں 3 چھٹیاں دینے کی سمری تیار کیا جا رہی ہے۔ اسلامی کیلنڈر کے تحت عید الضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ ہوگی۔ جس کے لحاظ سے عید الضحیٰ پر جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کوچھٹی دی جائے گی ۔بتایا گیا ہے کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے تین چھٹیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عوام کو غیرضروری سفر سے روکنے کیلئے اضافی تعطیلات نہیں دی جائیں گی۔اگر زیادہ چھٹیاں دی گئیں تو لوگ دوسرے شہروں میں جائیں گے جس سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔عیدالفطر پر حکومت نے زیادہ چھٹیاں دیں، جس کے باعث لوگوں نے اپنے آبائی گھروں کی جانب سے زیادہ سفر کیا اور میل جول زیادہ ہونے کے باعث کورونا پھیل گیا۔ لیکن اب حکومت نے پہلے سے ہی عید الضحیٰ سے متعلق جہاں مویشی منڈیاں، قربانی اور نماز عید کے حوالے سے ایس اوپیز تیار کیے ہیں وہاں لوگوں کے زیادہ میل جول کو روکنے اور سماجی دوریاں برقرار رکھنے کیلئے اضافی چھٹیاں نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تاہم چھٹیوں کے حتمی فیصلے سے متعلق ابھی وزارت داخلہ کا باقاعاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کا بھی خصوصی اجلاس منعقد ہوا ہے، جس میں عید الاضحی کے ایام میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر غورکیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالاضحی پر پارک اور تفریحی مقامات پر بند رہیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے اور انتظامی عملے کو آنے کی اجازت دی جارہی ہے تاہم طلبہ اوراساتذہ کو سکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق سکول کھولنے سے پہلے محکمہ تعلیم سکولز ایس او پیز پر مکمل گائیڈ لائن جاری کرے گا۔ سکولوں کو دو شفٹوں میں چلانے پر غورکیا جارہا ہے اورہرشفٹ میں ڈھائی گھنٹے کی کلاسز ہوں گی۔سکولوں میں ہینڈ واش، ماسک اوردیگر ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا ئیں گے۔ اسی طرح آج پنجاب کی کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کا خصوصی اجلاس میں طے کیا گیا کہ اپائمنٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت پراپرٹی، پروفشنل ٹیکس اورایکسائز پرمنٹ کے اجراء کی اجازت دی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں