اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے عید الضحیٰ پرنجی و سرکاری اداروں میں 3 چھٹیاں دینے کی تیار ی کرلی، کورونا پھیلنے کے خدشات کے باعث اضافی تعطیلات نہیں دی جائیں گی، عید الضحیٰ پر جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کوچھٹی دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے عید الضحیٰ پرنجی و سرکاری
اداروں میں 3 چھٹیاں دینے کی سمری تیار کیا جا رہی ہے۔اسلامی کیلنڈر کے تحت عید الضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ ہوگی۔جس کے لحاظ سے عید الضحیٰ پر جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کوچھٹی دی جائے گی ۔بتایا گیا ہے کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے تین چھٹیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عوام کو غیرضروری سفر سے روکنے کیلئے اضافی تعطیلات نہیں دی جائیں گی۔اگر زیادہ چھٹیاں دی گئیں تو لوگ دوسرے شہروں میں جائیں گے جس سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔عیدالفطر پر حکومت نے زیادہ چھٹیاں دیں، جس کے باعث لوگوں نے اپنے آبائی گھروں کی جانب سے زیادہ سفر کیا اور میل جول زیادہ ہونے کے باعث کورونا پھیل گیا۔ لیکن اب حکومت نے پہلے سے ہی عید الضحیٰ سے متعلق جہاں مویشی منڈیاں، قربانی اور نماز عید کے حوالے سے ایس اوپیز تیار کیے ہیں وہاں لوگوں کے زیادہ میل جول کو روکنے اور سماجی دوریاں برقرار رکھنے کیلئے اضافی چھٹیاں نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تاہم چھٹیوں کے حتمی فیصلے سے متعلق ابھی وزارت داخلہ کا باقاعاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ دوسری جانب قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے عیدالضحیٰ کے موقع پر کانگو بخار کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر اس کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق عیدالضحی سے قبل قربانی کے جانوروں کی نقل و حرکت میں اضافے کی وجہ سے کانگو بخار کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔مویشی منڈیوں میں ہجوم اور جانوروں سے براہ راست رابطے کی وجہ سے کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ جانے کا امکان ہے۔ اس ایڈوائزری کا مقصد انسانوں اور جانوروں کی صحت سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کرنا ہے تاکہ کانگو بخاراور کووڈ۔19 کی روک تھام اور کنٹرول کے لئے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ ایڈوائزری کے مطابق فی الحال کانگو بخار کی ویکسین دستیاب نہیں ہے لہذا عام افراد کو بیماری سے بچاؤ اور اس کے کنٹرول کے لئے ان باتوں پر توجہ دینی چاہیے جیسا کہ مویشی منڈیوں کے دورے کے دوران ، مکمل آستین اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔دستانے، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرز کا استعمال کریں اور دوسروں سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھیں۔ عید کے موقع پر بڑے خاندانی اجتماع اور جانوروں کی قربانی سمیت تمام بھیڑ والے مقامات سے پرہیز کریں۔ جانوروں کو ہاتھ لگانے کے بعد یا خون سے آلودہ ہاتھوں کو صابن اور پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں