کراچی(پی این آئی) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی ای)کو جعلی لائسنس کے حامل 262 پائلٹس کی موجودگی کی خبروں کے بعد ریٹنگز دینے والی ایک ویب سائٹ ایئرلائن ریٹنگ ڈاٹ کام نے سنگل اسٹار قرار دیدیاہے۔ یہ سیون اسٹار ریٹنگز میں سب سے کم ترین سطح ہے۔حال ہی میں یورپین یونین نے اپنے ممالک میں
پی آئی اے کے آپریشن پر 6 ماہ کیلئے پابند عائد کردی، اور اب ایئر لائنز کو 3 اسٹار سے ون اسٹار کردیا گیا ہے۔ایئر لائن ریٹنگز ڈاٹ کام نے آئی اے ٹی اے آپریشنل سیفٹی آڈٹ(آئی او ایس ای)کے تحت آئی سی اے او کنٹری آڈٹ کیلئے بھی تھری اسٹار سے ون اسٹار میں تبدیل کردیا ہے۔ایئر لائن ریٹنگز ڈاٹ کام کے ایڈیٹر انچیف جیفری تھامس نے اس ضمن میں بتایاکہ یقینا پائلٹس کے لائسنس سے متعلق متوقع بدعنوانی اور جعلسازی کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی پریشان کن امر ہے، اسے آئی او ایس اے آڈٹ اور آئی سی اے او کنٹری آڈٹ کی جانب سے اٹھایا جانا چاہئے۔آئی اے ٹی اے نے اپنے بیان میں کہاکہ ہم پاکستان سے آنیوالی اطلاعات پر نظر رکھتے ہوئے ہیں، جو ایوی ایشن ریگولیٹر کی جانب سے لائسنس اور حفاظتی اقدامات کی نگرانی میں سنگین کوتاہی کی نشاندہی کرتی ہے۔ ہم اس معاملے پر پاکستان سے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ماہرین کے مطابق پی آئی اے دیوالیہ ہے، اس کے پاس اپنے معاملات چلانے یا قرض کی ادائیگی کیلئے بھی فنڈز نہیں ہیں۔بلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے کرونا وائرس کی وبا کے دوران عالمی طلب میں کمی کی وجہ سے ڈیفالٹ ہونیوالی پہلی فضائی کمپنی بننے کا امکان ہے۔ کم ترین حفاظتی معیار پر ریٹنگ گرنے کے باعث پی آئی اے کے کاروبار پر مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ صارفین اس کے ذریعے سفر سے گریز کریں گے جبکہ دیگر ممالک بھی پی آئی اے کے اپنے ہوائی اڈے بند کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں