تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے سے متعلق کیا فیصلہ ہوا؟ وزیرتعلیم نے واضح اعلان کر دیا

کراچی (پی این آئی) سندھ حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کیلئے تاریخ دینے سے معذرت، صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ وبا کے دوران کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ سکول کب کھلیں گے، اللہ کرے حالات بہتر ہوں تو پھر سوچا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ سمیت ملک بھر میں تعلیمی اداروں

کی بندش کو 3 ماہ سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے۔ایسے میں نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اب تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دی جائے۔ نجی تعلیمی اداروں کا موقف ہے کہ کئی ماہ کی بندش کے باعث انہیں شدید مالی نقصانات برداشت کرنا پڑے ہیں، اگر اب بھی تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت نہ دی گئی تو خدشہ ہے کہ کئی نجی تعلیمی ادارے مستقل طور پر بند ہو جائیں گے۔ایسے میں اس حوالے سے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کی جانب سے اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ فی الحال تعلیمی ادارے کھولنے ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس وبا کے دوران کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ سکول کب کھلیں گے۔ ابھی تک کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اللہ کرے، حالات بہتر ہوں تو پھر سوچا جائے گا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے فی الحال تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے کوئی حتمی تاریخ کا اعلان کرنے سے گریز کیا ہے۔اس حوالے سے پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبریں درست نہیں ہیں۔ اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ یا اعلان نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا گزشتہ بیان یہ تھا کہ کرونا کے باعث بننے والے صورت حال پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اسی صورت میں اسکولوں کو 15 اگست سے سخت ترین ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے، تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ہمیں بچوں اور ٹیچرز کی زندگی عزیز ہے۔ تعلیمی اداروں کو کھولنے کا حتمی فیصلہ کرونا وائرس کے بعد بننے والی صورت حال دیکھ کر اور وفاق کو کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں